تلنگانہ میں شدید بارش کا خطرہ، ریڈ الرٹ جاری

حیدرآباد: تلنگانہ بھر میں آج اور کل کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے یہ بات محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر ناگا رتنا نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ سنگاریڈی، وقارآباد، میدک، میڑچل-ملکاجگری، یادادری بھونگیر، کھمم، بھدرا دری کتہ گوڑم، بھوپال پلی اور مُلگو اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اسی طرح حیدرآباد، ہنمکنڈہ، عادل آباد، جنگاؤں، کاماریڈی، آصف آباد، محبوب آباد، منچریال، نلگنڈہ، رنگا ریڈی، سدی پیٹ اور ورنگل اضلاع کے لیے آرینج وارننگ جاری کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور رنگا ریڈی اضلاع میں شدید سے شدید بارش کا امکان ہے۔ ناگا رتنا نے مزید کہا کہ ریاست بھر میں کل بھی بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے بتایا "ہم نے رمل، نظام آباد، جگتیال، راجنا سِرِسلہ، پداپلی، اور کریم نگر اضلاع کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ کل میدک، سنگاریڈی، وقارآباداضلاع میں شدید ترین بارش کا امکان ہے۔ شمالی تلنگانہ کے اضلاع میں بارش کی شدت سب سے زیادہ ہوگی۔آج جی ایچ ایم سی (حیدرآباد میونسپل کارپوریشن)
حدود میں ریڈ الرٹ جبکہ کل آرینج الرٹ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ریاست میں آئندہ پانچ دنوں تک 40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔شمالی تلنگانہ میں 17 اگست کو بارش کی شدت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔”
انہوں نے مزید بتایا کہ مغربی وسطی خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ بن گیا ہے جس کے اثر سے ریاست تلنگانہ میں آئندہ چار دنوں تک شدید بارش متوقع ہے۔