اسکرین ٹائم کم کریں، کتابوں سے رغبت بڑھائیں۔ڈان ہائی اسکول میں ایس ایس سی کامیاب طالبات سے ڈی سی پی ڈاکٹر لاونیا کا خطاب

حیدرآباد۔ 28۔ مئی (راست) ڈپٹی کمشنر پولیس ویمن سیفٹی ونگ حیدرآباد ڈاکٹر لاونیا این جے پی نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے بہتر مستقبل کے لئے اپنا اسکرین ٹائم کم کریں اور کتابوں سے دوستی کریں۔
وہ ڈان ہائی اسکول ملک پیٹ میں ڈان ملک پیٹ اور ڈان پرانی حویلی کی ایس ایس سی کامیاب طالبات میں مومنٹوز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ موبائیل فون کا استعمال زیادہ سے زیادہ ایک گھنٹہ کریں اور اس کا تعمیری استعمال کریں۔ ڈاکٹر لاونیا نے جو نظام آباد کے متوسط گھرانہ سے تعلق رکھتی ہیں
اپنی زندگی کے بعض واقعات اور حالات پیش کرتے ہوئے طالبات میں تحریک پیدا کیں اور کہا کہ وہ محنت کے ذریعہ کچھ بھی حاصل کرسکتی ہیں۔ ڈاکٹر لاونیا نے ایم بی بی ایس کیا اور اس کے بعد اپنا پیشہ تبدیل کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر لاونیا نے شی ٹیم اور پولیس کی کارکردگی پر بھی روشنی ڈالی۔
ماہر تعلیم حبیب سلمانی نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ڈاکٹر لاونیا کو شخصی طور پر جانتے ہیں اور انہوں نے بحیثیت پولیس آفیسر کئی لوگوں کی زندگیوں پر اچھا اثر ڈالا ہے۔ ماہر تعلیم محمد عبدالواجد فتاح نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی اور طلبہ کو اپنی زندگیوں میں ڈسپلن لانے پر زور دیا۔ ڈائرکٹر ڈان گروپ آف انسٹی ٹیوشنس جناب فضل الرحمن خرم نے ڈاکٹر لاونیا کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بچوں کے لئے وقت نکال کر ان میں تحریک اور حوصلہ پیدا کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر لاونیا کو یادگاری مومنٹو اور گلدستہ پیش کیا گیا۔ ڈان ہائی اسکول کی ہیڈ مسٹریس عارفہ میڈم شہ نشین پر موجود تھیں۔
کئی دیگر مقررین نے حیدرآباد پولیس بالخصوص ویمن سیفٹی ونگ اور شی ٹیم کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ ان کی وجہ سے طالبات محفوظ محسوس کررہی ہیں۔ دسویں جماعت کی طالبات سکینہ ردا سید اور نمرہ صدیقی نے کارروائی چلائی۔ طالبہ کنزہ گوہر نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر تلنگانہ اوورسیز اسوسی ایشن کے زیر اہتمام آئندہ ماہ حیدرآباد میں ہونے والے مشاعرہ و قوی سمیلن انداز ہند کا بروچر ڈاکٹر لاونیا نے جاری کیا۔
ماہر ریاضی رام سر، ماہرین تعلیم وصی الرحمن اور دیگر اس موقع پر موجود تھے۔