فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایہ جات فی الفور جاری کئے جائیں : کویتا

*حکومت کو غریب طلبہ کی تعلیم کی کوئی فکر نہیں*
فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایہ جات فی الفور جاری کئے جائیں
*کئی تعلیمی ادارے بند ہونے کے دہانے پر : کے کویتا*
صدر تلنگانہ جاگروتی کلواکنٹلہ کویتا نے حکومت پر شدید تنقید کی اور الزام عائد کیا کہ غریب گھرانوں کے طلبہ کی تعلیم کے خصوص میں حکومت کو کوئی فکر نہیں ہے۔ کویتا نے کہا کہ تقریباً 8 ہزار کروڑ روپئے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایاجات کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ڈگری اور پروفیشنل کالجوں سمیت اعلیٰ تعلیمی ادارے بند ہونے کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں
۔انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پوسٹ میں بتایا کہ تعلیمی اداروں کے منتظمین نے اس ماہ کی 15 تاریخ سے تعلیمی ادارے بند کرنے کا نوٹس حکومت کو جاری کر دیا ہے۔ کویتا نے کہا کہ جب وہ قانون ساز کونسل میں اس مسئلہ پر سوال اٹھائی تھیں تب حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ رقم مرحلہ وار اساس پر قسطوں میں دی جائے گی لیکن اب تک ایک روپیہ بھی جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ری ایمبرسمنٹ کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے حکومت کے کچھ افراد بھاری کمیشن کا مطالبہ کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ادائیگی میں غیر ضروری تاخیر ہو رہی ہے
۔انہوں نے حکومت سے فوری مطالبہ کیا کہ وہ اس مسئلہ کو سنجیدگی سے لے اور فوراً بقایاجات کی ادائیگی کا عمل شروع کرے تاکہ غریب طلبہ کی تعلیم کا سلسلہ بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے اور تعلیمی ادارے بند ہونے سے بچ سکیں۔