سی آر ٹی اساتذہ کی زیرالتوا پانچ ماہ کی تنخواہیں فی الفور جاری کی جا ئیں

سی آر ٹی اساتذہ کی زیرالتوا پانچ ماہ کی تنخواہیں فی الفور جاری کی جا ئیں
*وعدوں کی تکمیل میں ریاستی حکومت بالکلیہ طور پر ناکام*
*صدر مسلم اقلیت ونگ تلنگانہ جاگروتی محمد مصطفیٰ کی پریس کانفرنس*
صدر مسلم اقلیت ونگ تلنگانہ جاگروتی محمد مصطفٰی نےکہا کہ ریاستی حکومت فوری طور پر تلنگانہ گریجن ویلفیر آشرم اسکولوں میں برسر کار 2104 ریسیڈنشیل اساتذہ (سی آر ٹی اساتذہ) کی گزشتہ پانچ ماہ سے زیر التواء تنخواہیں فوری جاری کرے۔ وہ دفتر تلنگانہ جاگروتی واقع بنجارہ ہلز میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔
محمد مصطفیٰ نے کہا کہ کئی ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ان اساتذہ کے گھروں کا گزر بسر مشکل ہوگیا ہے ۔قصبات اور تانڈوں میں واقع قبائلی ریسیڈنشیل اسکولس میں برسرکار اساتذہ کو اس طرح ستانا دراصل قبائلی غریب طلبہ کو تعلیم سے محروم کرنے کی سازش ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نہ صرف ان اساتذہ کی خدمات کو باقاعدہ بنانے کےمطالبہ کو نظرانداز کر رہی ہے بلکہ سابقہ وعدوں کو بھی فراموش کردیا ہے۔
گزشتہ سال 21 روزہ ہڑتال کے بعد حکومت نے بات چیت کے دوران سی آر ٹی اساتذہ سے متعدد وعدے کئے تھے۔ وزیر سیتکا نے صاف طور پر یقین دہانی کرائی تھی کہ ریگولرائزیشن کے علاوہ باقی تمام مطالبات کو حل کیا جائے گا۔ مگر آج تک کوئی وعدہ پورا نہیں کیا گیا حتیٰ کہ دو مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی حالات جوں کے توں ہیں۔محمد مصطفٰی نے نشاندہی کی کہ یہ رویہ بالکل ویسا ہی ہے جیسے کانگریس نے اپنے انتخابی وعدے پورے نہیں کئے۔
طویل عرصہ گزر جانے کے باوجود کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا اگر اساتذہ کو تنخواہیں نہ ملیں اور انہیں ریگولرائز نہ کیا گیا تو نقصان دراصل قبائلی بچوں کو ہی اٹھانا پڑے گا کیونکہ تدریس رک جانے کی صورت میں طلبہ کو مجبوراً پرائیویٹ اسکولوں میں بھاری اخراجات کے ساتھ پڑھنا پڑے گا یا پھر ترک تعلیم کے لئے مجبور ہونا پڑے گا۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر حکومت ان کے مسائل کو حل نہ کرے تو سی آر ٹی اساتذہ 15 ستمبر سے دوبارہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے
۔جس سے ایک مرتبہ پھر قبائلی طلبہ کی تعلیم متاثر ہوگی۔محمد مصطفٰی نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر سی آر ٹی اساتذہ کے مسائل کو حل کرے تاکہ غریب قبائلی طلبہ کی تعلیم میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جاگروتی سی آر ٹی اساتذہ کی تحریک کی بھرپور حمایت کرے گی۔