تلنگانہ

رپورٹر سبحان کی گرفتاری، صحافتی آزادی پر حملہ: تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کا شدید ردعمل 

رپورٹر سبحان کی گرفتاری، صحافتی آزادی پر حملہ: تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن کا شدید ردعمل 

رپورٹر سبحان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرنے کامطالبہ

 

حیدرآباد، 11 جون 2025(پریس نوٹ) تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نے معروف اردو صحافی محمد سبحان (رپورٹر سبحان) کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے اور ان کے خلاف درج مقدمات کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ فیڈریشن نے اسے صحافتی آزادی پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد پولیس کی یہ کارروائی صحافیوں کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

 

فیڈریشن کے صدر ایم اے ماجد کی قیادت میں منعقدہ ایک ہنگامی اجلاس میں اس سلسلے میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ اجلاس میں فیڈریشن نے واضح کیا کہ رپورٹر سبحان کی گرفتاری نہ صرف انفرادی طورپر ایک صحافی کے خلاف کارروائی ہے بلکہ یہ پوری صحافتی برادری کے لیے ایک خطرناک پیغام ہے۔ صدر ایم اے ماجد نے کہا کہ "رپورٹر سبحان کو مشیر آباد میں پیش آنے والے ایک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی بنا پر ہدف بنایا گیا، جو کہ صحافتی فرائض کا حصہ ہے۔ پولیس کا یہ دعویٰ کہ اس ویڈیو سے عوام مشتعل ہوئے، صحافتی آزادی کو دبانے کی ایک کوشش ہے۔”

 

انہوں نے مزید کہا کہ جلد ہی فیڈریشن کا ایک وفد تلنگانہ کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور کمشنر آف پولیس حیدرآباد سے ملاقات کرے گا اور ایک یادداشت پیش کرے گا، جس میں صحافیوں کے خلاف ایسی کارروائیوں سے گریز کرنے اور رپورٹر سبحان کے خلاف درج مقدمات کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ فیڈریشن نے زور دیا کہ صحافیوں کو اپنے پیشہ ورانہ فرائض ادا کرنے کی مکمل آزادی ہونی چاہیے اور انہیں غیر ضروری قانونی کارروائیوں کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔

 

واضح رہے کہ رپورٹر سبحان کو اتوار کی رات مشیر آباد میں پیش آنے والے ایک واقعے کی ویڈیو بنانے اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں حیدرآباد پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ انہیں ٹاسک فورس نے پولیس اسٹیشن میں طلب کیا اور کئی گھنٹوں کی تفتیش کے بعد مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا، جہاں انہیں ضمانت مل گئی۔ تاہم، فیڈریشن کا موقف ہے کہ یہ گرفتاری صحافتی آزادی کو محدود کرنے کی کوشش ہے اور اسے فوری طور پرروکا جانا چاہیے۔

 

اجلاس میں فیڈریشن کے جنرل سکریٹری سید غوث محی الدین کے علاوہ دیگر ارکان بشمول سید احمد جیلانی، ایم اے کے فیصل، محمد لیئق الدین، محمد عبدالمحسن، محمد فاروق علی، امجد علی، مرزا غنی بیگ، اور سید واجد حسینی نے شرکت کی اور رپورٹر سبحان کے حق میں آواز اٹھائی۔

 

تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹ فیڈریشن نے تمام متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ وہ صحافتی آزادی کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور رپورٹر سبحان کے خلاف درج مقدمات کو فی الفور ختم کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button