بانسواڑہ میں گرفتاریوں پر روک کے لیے تنظیم المساجد بانسواڑہ و جمعیت علماء ضلع کاماریڈی کی محمد علی شبیر سے نمائندگی

بانسواڑہ میں عوامی خوف و ہراس کے خاتمہ اور گرفتاریوں پر روک کے لیے تنظیم المساجد بانسواڑہ و جمعیت علماء ضلع کاماریڈی کی مشیرِ حکومتِ تلنگانہ محمد علی شبیر سے مؤثر نمائندگی
نظام آباد 25/ فروری (اردو لیکس)بانسواڑہ میں حالیہ پیش آئے واقعات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی کشیدہ صورتِ حال کے پیشِ نظر تنظیم المساجد بانسواڑہ اور جمعیت علماء ضلع کاماریڈی کے نمائندہ وفد نے مشیرِ حکومتِ تلنگانہ الحاج محمد علی شبیر سے تفصیلی ملاقات کی۔
وفد نے انہیں زمینی حقائق سے آگاہ کرتے ہوئے بے قصور افراد پر درج مقدمات، مسلسل گرفتاریوں اور عام شہریوں، خصوصاً چھوٹے تاجروں میں پائے جانے والے خوف و ہراس اور بے چینی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ حالات کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے فوری اور مؤثر عملی اقدامات کیے جائیں، تاکہ عوام میں پھیلتی بے اعتمادی اور اضطراب کا خاتمہ ہو اور معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔ مشیرِ حکومت نے وفد کی گزارشات کو توجہ سے سنا اور اسی وقت ضلع کاماریڈی کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے رابطہ قائم کیا۔
انہوں نے واضح ہدایت دی کہ گرفتاریوں کو فوری طور پر روکا جائے، کسی بھی شہری کو ہراساں نہ کیا جائے، اور تمام کارروائیاں مکمل طور پر قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق انجام دی جائیں۔
انہوں نے مزید زور دیا کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا تحفظ حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ اس ضمن میں غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے، افواہوں کی مؤثر روک تھام کرنے اور عوامی اعتماد کی بحالی کے لیے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے کی بھی ہدایت دی گئی، تاکہ بانسواڑہ میں امن و امان کی فضا دوبارہ مستحکم ہو سکے۔



