نمائندہ رہبرِ انقلابِ اسلامی ایران حجۃ الاسلام ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی کی وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے دفتر آمد

نمائندہ رہبرِ انقلابِ اسلامی ایران حجۃ الاسلام ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی کی وفد کے ہمراہ جماعت اسلامی ہند تلنگانہ کے دفتر آمد
امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین سے ملاقات ‘ اتحاد امت اور ملی و سماجی امور پر تبادلہ خیال
حیدرآباد، 7 نومبر2025:نمائندۂ رہبرِ انقلابِ اسلامی ایران آیت اللہ خامنہ ای (مقیم دہلی) حجۃ الاسلام ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی اپنے حیدرآباد کے دورے کے موقع پر دفتر جماعتِ اسلامی ہند حلقہ تلنگانہ، لکڑکوٹ تشریف لائے.اس موقع پر انہوں نے امیرِ حلقہ جماعتِ اسلامی ہند تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین صاحب، جماعت کے دیگر ذمہ داران اور اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) تلنگانہ کے نمائندوں سے ملاقات کی
۔امیر حلقہ جناب محمد اظہرالدین صاحب نے وفد کا استقبال کیا اور جماعت اسلامی ہند کی سرگرمیوں کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی ہند گزشتہ 75 سالوں سے زائد عرصے سے ملک میں اقامتِ دین کے کاموں میں مصروف عمل ہے اور دعوت، اصلاحِ معاشرہ، تزکیہ و تربیت اور خدمتِ خلق کے میدانوں میں کام انجام دیئے جاتے ہیں۔ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی کے ہمراہ معروف شیعہ عالمِ دین مولانا سید تقی رضا عابدی (صدر تنظیمِ جعفری، حیدرآباد) بھی موجود تھے۔
ملاقات میں امتِ مسلمہ کے موجودہ حالات، نوجوانوں کی فکری و اخلاقی تربیت اور مسلم معاشرے میں اتحاد و خدمتِ خلق کے فروغ پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الہی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ حیدرآباد کی تہذیب، علمی ثقافت، انسان دوستی اور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج دنیا کی آبادی تقریباً آٹھ بلین ہے،
جن میں سے پچھتر فیصد افراد انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں، اور ان میں بڑی تعداد نوجوان طبقے کی ہے جو زندگی کے حقیقی مقصد سے غافل ہوتے جارہی ہے۔انہوں نے زور دیا کہ امتِ مسلمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ نئی نسل کی فکری، اخلاقی اور دینی تربیت کو اپنی ترجیح بنائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں مغربی فکری یلغار اور مسلکی اختلافات کے ذریعے امتِ مسلمہ میں انتشار پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں، جن کا مقابلہ صرف علم، اخلاق، اتحاد اور باہمی احترام کے ذریعے ممکن ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد مبشر احمد ،ناظمِ شہر جماعتِ اسلامی ہند، عظیم تر حیدرآباد نے جماعت اسلامی ہند شہر حیدرآباد کی سرگرمیوں کا تعارف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شہرِ حیدرآباد میں جماعت کے چالیس مقامی یونٹس قائم ہیں۔اس ملاقات میں مولانا حامد محمد خان (مرکزی سکریٹری جماعتِ اسلامی ہند)، حافظ محمد رشاد الدین (معاون امیرِ حلقہ)، ڈاکٹر محمد مبشر احمد (ناظمِ شہر)،مولانا سید قمر حسنین (مسؤول دفتر نمائندۂ رہبری دہلی)، مولانا آغا منور علی (امامِ جماعت مسجد، حیدرآباد)،جناب شہباز علی خان امجد، پروفیسر ڈاکٹر سید جہانگیر (ایفلو یونیورسٹی)، صدر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ برادر محمد فراز احمد،جناب ابوالکرم مشتاق اطہر، ڈاکٹر عاطف اسماعیل، جناب محمد عبدالمجید، انجینئر مرزا محمد اعظم علی بیگ،جناب محمد صدیق، برادر حافظ محمد حماد الدین (جنرل سکریٹری ایس آئی او تلنگانہ)، پی آر سکریٹری برادر فیصل خان اور دیگر ذمہ داران موجود تھے
۔اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ اس طرح کی ملاقاتیں آئندہ بھی جاری رہنی چاہییں تاکہ علمی، فکری اور دینی سطح پر باہمی روابط مزید مضبوط ہوں۔




