تلنگانہ
تلنگانہ میں سرکاری ملازمین کے زیر التوا بلوں کی ادائیگی، دسمبر کے لئے 713 کروڑ روپے جاری

تلنگانہ کے سرکاری ملازمین کو ادا کئے جانے والے زیر التوا بلوں میں دسمبر ماہ سے متعلق 713 کروڑ روپے بدھ کے روز جاری کر دیے گئے۔
حکومت نے ماضی میں ملازمین تنظیموں سے ہر ماہ 700 کروڑ روپے جاری کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارک نے اس ماہ کے فنڈس جاری کرنے کے لئے محکمہ فینانس کے عہدیداروں کو ہدایت دی۔
چند برسوں سے ملازمین کی گریجویٹی، جی پی ایف، سرینڈر لیوز اور ایڈوانس سے متعلق زیر التوا بل جمع ہوتے ہوئے تقریباً 10 ہزار کروڑ روپے تک پہنچ گئے تھے۔
اس صورتحال پر ملازمین تنظیموں نے جون میں احتجاج کی تیاری کی، جس کے بعد حکومت نے اسی ماہ اعلان کیا تھا کہ ہر ماہ 700 کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔ پہلی مرتبہ جون کے اواخر میں 183 کروڑ روپے جاری کئے گئے، بعد ازاں اگست سے مسلسل ہر ماہ 700 کروڑ روپے جاری کئے جا رہے ہیں۔



