آصف آباد ضلع میں راشن کارڈز کی تقسیم کے دوران ہنگامہ – بی آر ایس کی خاتون رکن اسمبلی نے کانگریس لیڈر پر پانی کی بوتل پھینک دیں

آصف آباد ضلع میں راشن کارڈز کی تقسیم کے دوران ہنگامہ – بی آر ایس کی خاتون رکن اسمبلی نے کانگریس لیڈر پر پانی کی بوتل پھینک دیں
تلنگانہ کے آصف آباد ضلع کے جنکاپور میں راشن کارڈز کی تقسیم کے دوران بی آر ایس کی خاتون رکن اسمبلی کووا لکشمی اور کانگریس حلقہ انچارج شیام نائک کے درمیان شدید لفظی جھڑپ ہوگئی۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب رکن اسمبلی کووا لکشمی نے غصے میں آکر شیام نائک پر پانی کی بوتل پھینک دیں۔
یہ واقعہ ایڈیشنل کلکٹر ڈیوڈ کی موجودگی میں پیش آیا۔ کووا لکشمی نے الزام لگایا کہ شیام نائک نے اُن کی توہین کی، اور کانگریس حکومت پر وعدے پورے نہ کرنے کا الزام عائد کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ شادی مبارک، کلیان لکشمی اسکیم کے تحت ایک تولہ سونا دینے کا وعدہ کیا گیا مگر ابھی تک کوئی امداد نہیں ملی۔
جواب میں کانگریس لیڈر شیام نائک نے کہا کہ پچھلی حکومت نے بھی عوام سے کئی وعدے کیے تھے مگر انہیں پورا نہیں کیا۔ دونوں کے درمیان بحث شدت اختیار کرگئی، اور پانی کی بوتلیں پھینکنے کے واقعہ کے بعد ماحول میں کشیدگی پھیل گئی۔