سعودی بس حادثہ – جاں بحق افراد کی تدفین اور دیگر قانونی امور کی تکمیل کے لئے مدینہ میں ہندوستانی عہدیداروں کا اعلیٰ سطحی اجلاس

تلنگانہ کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے مجلس کے رکن اسمبلی محمد ماجد حسین اور سکریٹری اقلیتی بہبود شفیع اللہ ا کے ہمراہ مدینہ میں بس حادثے میں جاں بحق افراد کی تدفین کے اقدامات تیز کرنے کے سلسلے میں ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد کیا۔
اس اجلاس میں حکومتِ ہند کے وفد میں شامل آندھرا پردیش کے گورنر ایس عبدالنذیر، وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری ارون کمار چیٹرجی، اور سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد مدینہ میں حادثے میں جاں بحق ہونے والے ہندوستانی شہریوں کی تدفین ان کے گھر والوں کی مشاورت سے جلد اور منظم طریقے سے انجام دلانے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی کو تیز کرنا تھا۔
اجلاس میں حادثے کی تفصیلات، زخمیوں کے علاج، اسپتال میں داخل افراد کی حالت اور جاں بحق شہریوں کی شناخت کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق سعودی حکام سے رابطہ بحال رکھتے ہوئے ضروری دستاویزات کی تکمیل، قانونی کارروائی اور تدفین کے لیے شرعی اور سفارتی تقاضوں پر خصوصی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر محمد اظہرالدین نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور تمام رسمی کارروائی جلد مکمل کرنے کے لیے بھارتی سفارت خانہ اور سعودی حکام کے ساتھ تال میل بڑھایا جا رہا ہے۔
سعودی عرب میں ہندوستان کے سفیر ڈاکٹر سہیل اعجاز خان نے یقین دلایا کہ قونصلر ٹیم مسلسل تعلق میں ہے اور مقامی حکام کے تعاون سے کارروائی تیز کی جا رہی ہے۔ وزارتِ خارجہ کے سیکریٹری ارون کمار چیٹرجی نے کہا کہ حادثے کی مکمل رپورٹ تیار کی جا رہی ہے اور آئندہ اس نوعیت کے واقعات میں بروقت مدد کے لیے مربوط نظام قائم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ بس حادثہ عمرہ زائرین کو لے جاتے ہوئے پیش آیا تھا، جس میں تلنگانہ کے 45 شہری جاں بحق ہوئے تھے ۔ زخمی کا علاج سعودی اسپتالوں میں جاری ہے اور حکومتِ ہند متاثرین کے گھر والوں کو مسلسل معلومات فراہم کر رہی ہے۔




