کانسٹیبل کی آن لائن بیٹنگ کی لت کے باعث بندوق سے گولی مار کر خودکشی۔ سنگاریڈی واقعہ پر کمشنر پولیس حیدرآباد کا رد عمل

حیدرآباد: ریاست تلنگانہ سنگاریڈی پولیس اسٹیشن میں ڈیوٹی انجام دینے والے کانسٹیبل کوٹھاری سندیپ کمار نے بندوق سے گولی مار کر خودکشی کر لی۔ یہ بات سامنے آئی ہے کہ سندیپ آن لائن گیمز اور بیٹنگ کی لت میں مبتلا ہو
کر قرضوں کے بوجھ تلے دب گئے تھے جس کے نتیجے میں انھوں نے یہ انتہائی اقدام کیا۔ اس واقعے پر حیدرآباد کے کمشنر پولیس وی سی سجنار نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن بیٹنگ ایک وباء کی طرح پھیل رہی ہے اور اس
کے تباہ کن اثرات سے لوگوں کو آگاہ کرنے والا ایک کانسٹیبل خود اس کی لت کا شکار ہو کر موت کو گلے لگانے پر مجبور ہوا یہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ ہمیں بیٹنگ کے خطرات کی شدت واضح کر رہا ہے۔ کمشنر پولیس
نے مزید کہا کہ زندگی میں اتار چڑھاؤ قدرتی ہیں لیکن مسائل کا حل خودکشی نہیں۔ مشکل وقت میں ہمت سے کام لے کر آگے بڑھنا چاہیے موت کا خیال ذہن میں نہیں آنا چاہیے۔دوسری جانب،معلوم ہوا ہے کہ سندیپ اپنی بہن کے ساتھ
سنگا ریڈی میں مقیم تھے۔ ایک سال قبل محکمہ پولیس میں بھرتی ہونے والے سندیپ کی عمر صرف 23 سال تھی۔



