سینر صحافی محمد عمران تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے جگتیال ضلع صدر منتخب

جگتیال، 26 اگست:(! اردولیکس) تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن نے سینر صحافی محمد عمران (آندھرا پربھا، ضلع بیورو) کو متفقہ طور پر جگتیال ضلع صدر منتخب کیا ہے جبکہ سابق صدر دیور سنجیوا راجو نے استعفیٰ دیتے ہوئے ریاستی کونسل رکن کی ذمہ داری سنبھالی۔
اس موقع پر ریاستی صدر ایم سومیّا نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل کے حل میں حکومت کی تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ بہت جلد ریاست بھر میں "جرنلسٹ جن چیتنیہ یاترا” شروع کی جائے گی، جس کا آغاز جگتیال سے ہوگا۔
سومیّا نے الزام لگایا کہ سابقہ حکومت نے صحافیوں کو دھوکہ دیا اور موجودہ کانگریس حکومت بھی مسائل کے حل میں ناکام ثابت ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سطح کے صحافی انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ حکومت چھوٹے اور درمیانی اخبارات کو مسلسل نظرانداز کر رہی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نئے ایکریڈیشن کارڈس اور ہیلت کارڈس جاری کئے جائیں اور اہل اخبارات کو سرکاری پینل میں شامل کیا جائے۔
اس موقع پر مختلف صحافی تنظیموں سے بڑی تعداد میں صحافیوں نے ٹی ڈبلیو جی ایف میں شمولیت اختیار کی۔ اجلاس میں تنظیم کے قائدین نے کہا کہ صحافیوں کو حکمرانوں کے دباؤ میں آئے بغیر آزادی کے ساتھ جدوجہد کرنی ہوگی۔