تلنگانہ

تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈر ڈی سرینواس کا انتقال

حیدرآباد _ 29 جون ( اردولیکس)کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا کے سابق  رکن  دھرما پوری سرینواس (ڈی سرینواس) کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے ہفتہ کی صبح 3 بجے حیدرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ گھر والوں نے بتایا کہ وہ کچھ عرصے سے بیماری میں مبتلا تھے، ان کا انتقال دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

 

انہوں نے متحدہ آندھرا پردیش میں وزیر اور پی سی سی کے صدر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2004 اور 2009 میں بطور وزیر خدمات انجام دیں۔ وہ اس وقت کے چیف منسٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے بہت قریب تھے۔ کانگریس پارٹی ان کے پی سی سی صدر کے دور میں ریاست میں برسراقتدار آئی تھی۔ وہ  ڈی ایس کے نام سے مشہور تھے۔ ان کی نعش فی الحال جوبلی ہلز میں واقع ان کے گھر میں رکھی گئی ہے۔ شام میں نعش نظام آباد کے پرگتی نگر میں واقع ان کی رہائش گاہ پر منتقل کی جائے گی۔

27 ستمبر 1948 کو نظام آباد میں پیدا ہوئے، ڈی ایس نے نظام کالج سے اپنی ڈگری مکمل کی۔ وہ طلبہ یونین کے رہنما کے طور پر سیاست میں داخل ہوئے۔ این ایس یو آئی اور یوجنا کانگریس میں کام کیا۔ تین بار ایم ایل اے کے طور پر جیتے۔ انہوں نے پہلی بار 1989 میں کانگریس پارٹی کی جانب سے الیکشن لڑا اور نظام آباد اربن حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ بعد میں انہوں نے 2004 اور 2009 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے 1989 سے 1994 تک دیہی ترقی اور آئی اینڈ پی آر کے وزیر اور 2004 سے 2008 تک ہائیر ایجوکیشن اور اربن لینڈ سیلنگ کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ 2004 میں انہوں نے اس وقت کے ٹی آر ایس کے ساتھ اتحاد میں اہم رول ادا کیا۔

2013 سے 2015 تک ایم ایل سی کے طور پر خدمات انجام دیں۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد انہوں نے کونسل کے اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 2015 میں کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا کیونکہ انہیں دوسری بار ایم ایل سی بننے کا موقع نہیں ملا تھا۔ بعد میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ ریاستی حکومت کے بین ریاستی امور کے مشیر کے طور پر کام کیا۔ 2016 سے 2022 تک بی آر ایس راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔

 

تاہم، وہ بی آر ایس سے الگ ہوگئے اور بی آر ایس دور اقتدار کے اختتام تک پارٹی سے دور رہے۔ بعد ازاں وہ پارٹی سے مستعفی ہو کر کانگریس میں شامل ہو گئے۔ لیکن دوسری طرف، ڈی ایس صحت کے مسائل کی وجہ سے براہ راست سیاست سے دور رھ رہے تھے ۔ ان کے دو بیٹے ہیں۔ بڑے بیٹے سنجے نے نظام آباد کے میئر کے طور پر کام کیا۔ چھوٹا بیٹا اروند اس وقت نظام آباد کا ایم پی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button