تلنگانہ

حیدرآباد میں ٹیسٹ ٹیوب بے بی سینٹر پر سنگین الزامات۔ پولیس کا دھاوا

حیدرآباد: اولاد کی خواہش لے کر آئے ایک جوڑے کے ساتھ دھوکہ دہی کیے جانے کے الزامات پر سکندرآباد کے ایک ٹیسٹ ٹیوب بے بی سینٹر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔

 

متاثرہ خاتون نے پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام عائد کیا کہ وہ اور ان کا شوہر آئی وی ایف (IVF) علاج کے لیے مذکورہ سینٹر گئے تھے مگر اسپتال کے عملے نے ان کے شوہر کا نطفہ استعمال کرنے کے بجائے کسی اور شخص کا نطفہ لے کر مصنوعی طریقے سے حمل قائم کیا۔

 

پولیس کی فراہم کردہ ابتدائی معلومات کے مطابق کئی سال شادی گزرنے کے باوجود جوڑے کو اولاد نہیں ہوئی تھی جس پر انہوں نے مذکورہ ٹیسٹ ٹیوب بے بی سینٹر سے رجوع کیا۔ آئی وی ایف طریقے سے خاتون حاملہ ہوئیں اور حال ہی میں ایک بیٹے کو جنم دیا۔ تاہم پیدا ہونے والا بچہ مسلسل بیمار رہنے لگا طبی جانچ پر انکشاف ہوا کہ بچے کو کینسر ہے۔

 

جوڑے کے دونوں خاندانوں میں کینسر کی کوئی موروثی تاریخ نہ ہونے کے باعث شک پیدا ہوا۔ جب وہ دوبارہ سینٹر سے رجوع ہوئے تو سینٹر کی جانب سے گول مول اور غیر منطقی جوابات دیے گئے۔ پولیس کے مشورے پر جب ڈی این اے ٹیسٹ کروایا گیا تو وہ بھی مطابقت نہیں رکھتا تھا۔

 

اس انکشاف کے بعد پولیس نے متعلقہ سینٹر کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button