تلنگانہ میں سردی کی شدید لہر جاری۔ بزرگوں او ر بچوں سے احتیاط برتنے کی خواہش

Lحیدرآباد: ریاست تلنگانہ میں سردی کی شدید لہر جاری ہے اور مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے کافی کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سنگاریڈی ضلع کے کوہیر میں کم سے کم درجہ حرارت 4.5 ڈگری سیلسیس تک گر گیا جبکہ ضلع کے دیگر علاقوں میں 5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔
حیدرآباد میں بھی سردی کی شدت دیکھی گئی اور شہر کے حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی علاقے میں سب سے کم درجہ حرارت 8.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے پیش نظر ریاست کے کئی اضلاع میں آج اور کل کے لیے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ شہری اور کسان سردی کی اس شدید لہر سے محفوظ رہ سکیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت اس بار معمول سے تقریباً 3 سے 4 ڈگری کم رہنے کا امکان ہے جس سے خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس شدید سردی کے دوران لوگوں کو گرم کپڑے پہننے، زیادہ دیر باہر نہ رہنے اور ضرورت کے مطابق ہی سفر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
ریاست میں سردی کی یہ لہر شہریوں اور دیہی علاقوں میں روزمرہ کی زندگی کو متاثر کر رہی ہے اور متعلقہ حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات پر زور دیا جا رہا ہے۔



