تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں — سنگاریڈی 6.6 ڈگری، 7 اضلاع کیلئے ایلو الرٹ

تلنگانہ بھر میں سردی کی لہر میں مزید اضافہ دیکھا گیا ہے، پیر کی صبح سنگاریڈی ضلع کے کوہیر منڈل میں درجۂ حرارت انتہائی حد تک گرتے ہوئے 6.6 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سنگاریڈی کے ہی 17 علاقوں میں درجۂ حرارت 10 ڈگری سے کم رہا
۔ میدّک کے شیون پلی میں 8.4 ڈگری اور سدّی پیٹ کے بیگم پیٹ میں 8.9 ڈگری درجۂ حرارت نوٹ کیا گیا۔ اسی طرح عادل آباد ضلع کے اَرلی (ٹی) میں 7.4 ڈگری اور کومرم بھیم آصف آباد ضلع کے گنّیدھری میں 8.2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
حیدرآباد میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے اور محکمۂ موسمیات بیگم پیٹ کے مطابق ریاست بھر میں آئندہ تین سے چار دن تک یہی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔
بڑھتی ہوئی سردی کے پیشِ نظر محکمۂ موسمیات نے عادل آباد، کومرم بھیم آصف آباد، منچریال، نرمَل، سنگاریڈی، میدک اور کاماریڈی—مجموعی طور پر سات اضلاع کے لیے یلو الرٹ جاری کیا ہے جہاں درجۂ حرارت 13 ڈگری سے نیچے گرنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



