تلنگانہ

سعودی  بس حادثے کے بعد تلنگانہ حکومت کے اقدامات – محمد علی شبیر  کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کو خراجِ تحسین

سعودی  بس حادثے کے بعد تلنگانہ حکومت کے اقدامات پر محمد علی شبیر  کی چیف منسٹر ریونت ریڈی کو خراجِ تحسین

 

حیدرآباد، 23 نومبر: ریاستی حکومت کے مشیر محمد علی شبیر نے سعودی عرب میں پیش آئے بس حادثے میں 45 عمرہ زائرین کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے بروقت اور حساس اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے فوری فیصلے کرتے ہوئے کئی ایجنسیوں سے رابطہ کیا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی۔

 

یہ حادثہ تقریباً ایک ہفتہ قبل مدینہ منورہ سے 25 کلومیٹر دور اس وقت پیش آیا جب مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کے بعد زائرین کو لے جانے والی پرائیویٹ بس آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ تمام 45 شہداء کا تعلق حیدرآباد سے تھا اور وہ مسجدِ نبویؐ کی زیارت کے لیے مدینہ جا رہے تھے۔

 

شبیر علی کے مطابق چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سب سے پہلے خبر ملتے ہی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات دیں، حج ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کیا اور اگلے اقدامات پر مشاورت کی۔ متاثرہ خاندانوں سے بات چیت کے بعد یہ طے پایا کہ چونکہ شہداء مقدس سرزمین میں فوت ہوئے، اس لیے انہیں مدینہ ہی میں سپردِ خاک کیا جائے۔ خاندانوں نے بھی جنت البقیع میں تدفین کے فیصلے کی تائید کی۔

 

وزیراعلیٰ نے کابینی اجلاس میں تین اہم فیصلہ لئے ۔جن میں ہر متوفی کے دو قریبی رشتہ داروں کو سعودی عرب روانہ کرنے کا انتظام تاکہ شناخت اور ڈی این اے کارروائی مکمل ہو سکے۔ تمام اخراجات بشمول پاسپورٹ و ویزا کا خرچ حکومت نے برداشت کیا اور انتظامات 24 گھنٹوں میں مکمل کیے گئے۔ہر شہید کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا کا اعلان اور ریاستی وفد کو سعودی حکام سے رابطہ کے لیے روانہ کیا گیا۔

 

تلنگانہ حکومت نے مرکزی حکومت کے ساتھ بھی مکمل تعاون برقرار رکھا۔ مرکزی وفد کی قیادت آندھرا پردیش کے گورنر ایس اے نظیر نے کی، جبکہ وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے شخصی طور پر وزیراعلیٰ سے بات کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔

 

شبیر علی نے بتایا کہ تمام شہداء کی نمازِ جنازہ مسجد نبویؐ میں نمازِ ظہر کے بعد ادا کی گئی اور انہیں جنت البقیع میں مذہبی احترام کے ساتھ دفن کیا گیا۔ حکومت مسلسل متاثرہ خاندانوں کے رابطے میں رہی اور انہیں تازہ ترین معلومات فراہم کرتی رہی۔

 

ریاستی مشیر کی حیثیت سے شبیر علی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی، مرکزی حکومت، سعودی حکام اور مسلم برادری کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے غم کی گھڑی میں یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button