تلنگانہ

ایس آئی او تلنگانہ کے وفد کی قونصل جنرل ایران سے ملاقات – ایرانی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

حالیہ کشیدگی کے پیشِ نظر ہندوستانی طلباء کی حفاظت کی اپیل

حالیہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں ایران میں ہونے والے جانی نقصانات پر اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (SIO) تلنگانہ ، اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتی ہے

 

۔ اس سلسلے میں ایس آئی او کے جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ انیس الرحمٰن، ریاستی صدر محمد فراز احمد، سکریٹری حافظ محمد حمادالدین نے دیگر ممبران کے ہمراہ قونصل جنرل ایران جناب مہدی شاہرخی سے ملاقات کی اور تنظیم کی جانب سے یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ وفد کے ذمہ داران نے کہا کہ ایس آئی او ان سخت حالات میں ایران کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تمام متاثرہ افراد سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔

 

وفد نے یہ احساس بھی ظاہر کیا کہ حالیہ دنوں میں ایران کی سرزمین پر ہوئے اسرائیلی حملے، بین الاقوامی اصولوں اور سفارتی ضوابط کی سنگین خلاف ورزی کو ظاہر کرتے ہیں۔ عام آبادی کے انفراسٹرکچر اور ماہر سائنس دانوں کو نشانہ بنانا قومی خودمختاری، انسانی جان کی حرمت اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کے سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ ایس آئ او اسرائیل کے اس ظالمانہ رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔

 

ہندوستان اور ایران کے درمیان تمدنی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات کی ایک تاریخی روایت ہے، اور ہم بطور ہندوستانی شہری اور ایک ذمہ دار طلباء تنظیم، ایران کے عوام کے ساتھ اس مشکل وقت میں مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعا ہے کہ یہ بحران سفارتی مذاکرات اور بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جلد ختم ہو اور خطے میں امن و استحکام بحال ہو۔

 

ہم اس موقع پر ایران میں مقیم ہندوستانی طلباء، خصوصاً حیدرآباد اور تلنگانہ کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کی حفاظت کے سلسلہ میں بھی اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔ ایس آئی او تلنگانہ کے ریاستی صدر محمد فراز احمد نے کہا کہ ہمیں مکمل اعتماد ہے کہ حکومتِ ہند تہران میں اپنے سفارتی مشن کے ذریعے طلباء کی سلامتی کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کرے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button