تلنگانہ

ایس آئی او تلنگانہ کا تعلیمی بجٹ 2026–27 پر راؤنڈ ٹیبل اجلاس، اقلیتی بجٹ میں اسٹریٹجک اضافہ اور مؤثر استعمال کا مطالبہ

ایس آئی او تلنگانہ کا تعلیمی بجٹ 2026–27 پر راؤنڈ ٹیبل اجلاس، اقلیتی بجٹ میں اسٹریٹجک اضافہ اور مؤثر استعمال کا مطالبہ

 

ایس آئی او تلنگانہ نے 17 فروری 2026ء کو مدینہ ایجوکیشن سنٹر، نامپلی، حیدرآباد میں تعلیمی بجٹ سفارشات کے موضوع پر ایک اہم راؤنڈ ٹیبل اجلاس منعقد کیا۔

 

اس موقع پر زونل سکریٹری حافظ حماد الدین نے “تلنگانہ میں تعلیم: موجودہ صورتِ حال اور چیلنجز — ASER، Young Lives اور UDISE+ کی روشنی میں” کے عنوان سے ایک جامع رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں ریاست کے تعلیمی شعبے سے متعلق اہم اعداد و شمار، درپیش مسائل اور پالیسی سطح کی خامیوں کو تحقیقی مطالعات اور تازہ ڈیٹا کی بنیاد پر اجاگر کیا گیا۔

 

پروگرام کے دوران ایس آئی او تلنگانہ نے “تلنگانہ میں تعلیم: بجٹ، چیلنجز اور مجوزہ سفارشات 2026–27” کے عنوان سے ایک کتابچہ بھی پیش کیا، جس میں آئندہ مالی سال کے لیے تعمیری اور تحقیقی بنیادوں پر تیار کردہ پالیسی تجاویز شامل ہیں۔

 

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ایس اے شکور،سابقہ صدر اردو اکیڈمی نے اقلیتی بجٹ کی مؤثر منصوبہ بندی پر زور دیتے ہوئے ریاستی بجٹ میں اقلیتی فنڈ کو 3,000 کروڑ روپے سے بڑھا کر 5,000 کروڑ روپے کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بجٹ میں اضافے کے ساتھ شفاف اور مؤثر نفاذ کو یقینی بنایا جائے اور ایس آئی او اس مطالبے کو منظم اور واضح حکمتِ عملی کے ساتھ پیش کرے۔

 

سید امین الحسن جعفری نے کہا کہ بجٹ میں اضافہ جتنا اہم ہے، اتنا ہی ضروری اس کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا بھی ہے۔ انہوں نے فنڈز کے استعمال کا جامع جائزہ لینے اور وسائل کو منظم منصوبہ بندی کے ساتھ تعلیمی بہتری اور اقلیتی طبقات کی ہمہ جہت ترقی کے لیے بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

 

اس راؤنڈ ٹیبل اجلاس میں ڈاکٹر عاطف اسماعیل، پروفیسر اسلام الدین مجاہد، لبنیٰ سروتھ، رضا احمد خان، میر ممتاز علی، شری پرساد شاستری، پروفیسر انور خان، خورشید عالم ندوی، اصغر علی اور ایڈوکیٹ عبدالصمد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی معزز شخصیات نے شرکت کی۔

 

پروگرام کا اختتام ایس آئی او تلنگانہ کے ریاستی صدر فراز احمد کے صدارتی خطاب سے ہوا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ایس آئی او تلنگانہ اجلاس کی سفارشات کو یکجا کرکے حکومت کے سامنے پیش کرے گا اور ریاست میں زیادہ جوابدہ، شفاف اور تعلیم مرکوز بجٹ فریم ورک کے قیام کے لیے سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button