SIR ووٹ کے حق پر حملہ، بی جے پی آئین بدلنے کی سازش میں ناکام: ریونت ریڈی
چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا ہے کہ SIR کو عوام کے حقِ رائے دہی کو ختم کرنے کے مقصد سے نافذ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عوامی حقوق کو کچل رہی ہے اور ووٹ کا حق چھن جانا انسانی وجود کے لئے خطرہ ہے، جبکہ SIR سے زمین سے محروم غریبوں کے حقوق بھی متاثر ہوں گے۔
سی پی آئی کی صد سالہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے خلاف کمیونسٹ جماعتوں اور کانگریس کو متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہئے، کیونکہ دونوں کی مشترکہ جدوجہد سے ہی عوامی فلاحی نظام وجود میں آیا ہے۔
کھمم ضلع کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے چیلنج دیا کہ نریندر مودی اور امیت شاہ مل کر بھی یہاں دو سرپنچ نشستیں نہیں جیت سکتے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی آئین میں تبدیلی کی سازش کر رہی تھی، مگر کانگریس کے ساتھ بننے والے انڈیا اتحاد نے اس کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔
چیف منسٹر نے مزید کہا کہ کانگریس اور کمیونسٹوں کی جدوجہد سے ہی محنت کشوں کے حقوق اور کم از کم اجرت جیسے قوانین نافذ ہوئے ہیں۔



