بی ار ایس سے کانگریس میں شامل 5 ارکان اسمبلی کو نا اہل قرار دینے سے متعلق کیس پر اسپیکر اسمبلی نے سنایا اہم فیصلہ
تلنگانہ اسمبلی میں ارکان اسمبلی کی نااہلی سے متعلق دائر درخواستوں پر اسپیکر گڈم پرساد کمار نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔ اسپیکر نے وینکٹ راؤ، کرشنا موہن ریڈی، مہپال ریڈی، پرکاش گوڑ اور آر کے پوڈی گاندھی کے خلاف دائر نااہلی کی درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے اہم فیصلہ کیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ان 5 ارکان اسمبلی کے پارٹی تبدیل کرنے کے کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کئے جا سکے۔ نااہلی کیلئے درکار مناسب ثبوت نہ ہونے کے باعث تکنیکی طور پر یہ تمام ایم ایل ایز بدستور بھارت راشٹرا سمیتی میں شامل سمجھے جائیں گے۔
واضح رہے کہ مجموعی طور پر 10 ایم ایل ایز کے خلاف نااہلی کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں، جن میں سے 8 ارکان کے کیس کی سماعت مکمل ہو چکی ہے۔ تاہم دانم ناگیندر اور کڈیم سری ہری کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت ابھی مکمل نہیں ہوئی۔
ادھر نااہلی کی درخواستوں پر جلد فیصلہ کرنے کی ہدایت دینے کیلئے بی آر ایس کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر پٹیشن پر اسی ماہ کی 19 تاریخ کو دوبارہ سماعت ہونے والی ہے۔
اسپیکر نے 8ایم ایل ایز سے متعلق سماعت مکمل کرنے کے بعد آج پانچ کے معاملے میں فیصلہ سنایا، جبکہ پوچارم سرینواس ریڈی، کالے یادیا اور سنجے کمار سے متعلق فیصلہ جمعرات کو سنائے جانے کا امکان ہے۔



