دو تین دن میں تلنگانہ ایس ایس سی امتحان کے نتائج کا امکان – میموز میں ہر مضمون کے نشانات بھی دئے جائیں گے

حیدرآباد: اس مرتبہ دسویں جماعت کے مارکس میموز پر ہر مضمون کے نمبرات اور گریڈ دیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کی سیکریٹری یوگیتا رانا نے احکامات جاری کیے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ طلبہ کے میموز میں نمبرات دینے کے معاملہ میں فیصلہ لینے میں تاخیر ہوئی ہے جس کی وجہ سے نتائج کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے
۔ اب تک دسویں جماعت میں مضامین کے حساب سے گریڈز کے ساتھ ساتھ مجموعی CGPA (کمیولیٹیو گریڈنگ پوائنٹ ایوریج) دیا جاتا تھا۔ لیکن اب سے ہر مضمون کے لحاظ سے نمبرات اور گریڈز دیے جائیں گے، تاہم GPA نہیں دیا جائے گا۔ مارکس میموز پر ہر مضمون کے لحاظ سے تحریری امتحان کے مارکس، داخلی امتحان کے مارکس، مجموعی نمبرات اور گریڈ کا ذکر کیا جائے گا۔ آخر میں یہ بھی واضح کیا جائے گا کہ طالب علم پاس ہوا ہے یا فیل۔
امکان ہے کہ نتائج دو تین دنوں میں جاری کیے جائیں گے۔ اب تک اسکولی تعلیم کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ای وی نرسمہا ریڈی کا تبادلہ ہو چکا ہے۔ ان کی جگہ ابھی تک کسی کو مقرر نہیں کیا گیا۔ اگر نئے عہدیدار کی عدم موجودگی کے سبب نتائج کی اجرائی میں رکاوٹ آتی ہے تو ایک دو دن مزید تاخیر ہو سکتی ہے۔