گورنمنٹ پرائمری اردو اسکول پنجہ شاہ کو بند کرنے پر ریاستی اقلیتی کمیشن کا سوموٹو نوٹس
گورنمنٹ پرائمری اردو اسکول پنجہ شاہ کو بند کرنے پر ریاستی اقلیتی کمیشن کا سوموٹو نوٹس
نرمل، 23/ فروری(ایم۔اے۔وحید): تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے نرمل ٹاؤن میں واقع گورنمنٹ پرائمری اسکول (اردو میڈیم)،پنجہ شاہ کو مبینہ طور پر بند کرنے پر سوموٹو نوٹس لیتے ہوئے ضلع مہتمم تعلیمات (ڈی ای او) نرمل کو دو ہفتوں کے اندر تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
21 فروری 2026 کو جاری کردہ مکتوب میں کمیشن نے ڈی ای او کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کی فوری جانچ کریں کہ آیا اسکول کو بغیر اعلی حکام کی منظوری اور بغیر کسی باضابطہ کارروائی کے کیوں غیر فعال قرار دیا گیا ہے؟
یہ کارروائی 20 فروری کو اردو اور انگریزی اخبارات میں شائع شدہ خبروں کے بعد کی گئی، جن میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ منڈل ایجوکیشنل آفیسر (ایم ای او)، نرمل اربن نے اسکول کے واحد ٹیچر کو دیگر اسکولوں میں ڈیپوٹیشن پر بھیج دیا، جس کے نتیجے میں اردو میڈیم اسکول عملی طور پر غیر فعال ہو گیا۔ اس پیشرفت سے تقریباً 20 طلبہ کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
صحافتی بیان جاری کرتے ہوئے کمیشن کے چیئرمین طارق انصار نے کہا کہ وزیراعلی ریونت ریڈی تعلیم کے معاملے میں انتہائی سنجیدہ ہیں اور وہ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ اگر کسی اسکول میں ایک بھی طالب علم موجود ہو تو حکومت اسے جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ ریاستی حکومت تعلیم کے فروغ اور طلبہ کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نرمل اربن کے ایم ای او کا حالیہ اقدام حکومت کی پالیسی اور مقررہ قواعد اور اقلیتی طلباء کے حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ کمیشن نے اس معاملے کا سختی سے نوٹس لیا ہے اور تحقیقاتی رپورٹ موصول ہونے کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔



