تلنگانہ

تلنگانہ کے ورنگل اور ہنمکنڈہ میں طوفان نے مچائی تباہی – کئی علاقے پانی میں محصور

ورنگل اور ہنمکنڈہ میں شدید بارش سے کئی علاقے زیرِ آب، بھدراکالی مندر جانے والا راستہ بند

 

تلنگانہ کے متحدہ ضلع ورنگل میں طوفان ’’مونتھا‘‘ کے اثر سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کے کئی علاقوں کو پانی میں گھیر لیا۔ ورنگل، ہنمکنڈہ اور قاضی پیٹ کے متعدد کالونیاں جھیلوں کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ ورنگل اور ہنمکنڈہ کو جوڑنے والی ہنٹر روڈ پر بوندی واگو نالہ ابل پڑنے کے باعث ٹریفک مکمل طور پر متاثر ہوگئی۔

 

ملوگو روڈ کے قریب ندی میں طغیانی آنے سے سَنتوشی ماتا کالونی، ڈی کے نگر، این این نگر، مایسیا نگر، سمّیا نگر اور سائی گنیش کالونی کے گھروں میں پانی داخل ہوگیا، جس سے مقامی عوام شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔

 

سیلابی صورتحال کے باعث مشہور بھدراکالی مندر جانے والا راستہ بند کردیا گیا ہے۔ مندر سے پالی ٹیکنک کالج تک سڑک پانی میں ڈوب گئی ہے۔

 

ہنمکنڈہ کے وڈّی پلی جھیل سے اُمڈ کر آنے والا پانی مختلف کالونیوں میں داخل ہوچکا ہے، جس سے جواہر کالونی، گوپال پور اور سو فٹ روڈ مکمل طور پر زیرِ آب ہیں۔ کاژی پیٹ تا ہنمکنڈہ راستے میں سومیڈی اور گوپال پور جھیلیں لبریز ہونے کے بعد ان کے بند ٹوٹ گئے، نتیجے میں سڑکوں پر تیز بہاؤ شروع ہوگیا۔

 

شدید بارش اور سیلابی ریلوں سے ویویک نگر، امراؤتی نگر اور پرگتی نگر بھی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ بعض علاقوں میں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پانی کے بہاؤ میں بہہ گئیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button