بی جے پی حکومت کے رویہ پر کے کویتا کی شدید تنقید ۔ گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پر تنقید

غریب خواتین کو بلاسودی قرض کی فراہمی میں تساہلی
کارپوریٹ کمپنیوں کے کروڑہا روپئے کے قرضہ جات کی معافی
بی جے پی حکومت کے رویہ پر کے کویتا کی شدید تنقید ۔ گیس سلنڈر کی قیمت میں اضافہ پر تنقید
جھوٹے وعدوں کے ذریعہ خواتین کو گمراہ کرنے کا ریاستی کانگریس حکومت پر الزام
حیدرآباد: رکن قانون ساز کونسل بی آرایس کلواکنٹلہ کویتا نے مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہاکہ خواتین کو خود مکتفی بنانے کےلئے مرکزکوئی عملی اقدامات روبہ عمل نہیں لارہاہے۔انہوںنے مطالبہ کیاکہ خواتین گروپس کو 15لاکھ روپئے تک بلا سودی قرضہ جات کی فراہمی عمل میں لائی جائے ۔کویتا نے کہاکہ مرکزی حکومت نے کارپوریٹ کمپنیوں کے 16.5لاکھ کروڑروپئے قرضہ جات معاف کئے ہیں تاہم غریب خواتین کو قرض کی فراہمی میں لاپرواہی برتی جارہی ہے۔تلنگانہ وومن ایمپاورمنٹ فیڈریشن کے اراکین نے آج کے کویتا سے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے کویتا نے کہاکہ کے چندرشیکھر راﺅ کے دورحکومت میں کبھی بھی دروغ گوئی سے کام نہیں لیاگیا۔ہم نے خواتین گروپس کو 5لاکھ روپئے بلاسودی قرضہ جات فراہم کئے ۔تاہم آج ریاستی کانگریس حکومت جھوٹ بول رہی ہے اور خواتین گروپس کو 20لاکھ روپئے تک بلا سودی قرضہ جات کی فراہمی کا ادعا کررہی ہے۔تاہم حقیقت ےہی ہے کہ کانگریس حکومت صرف 5لاکھ روپئے تک ہی قرض فراہم کررہی ہے۔کے کویتا نے کہاکہ مرکزی حکومت چھوٹے چھوٹے کاموں میں اپنی شراکت داری کا دعویٰکرتی ہے تاہم خواتین کی بہبود کےلئے ایک روپےہ بھی جاری نہیں کیاگیاہے۔ریاستی حکومت پہلے ہی 5لاکھ روپئے تک بلا سودی قرضہ جات فراہم کررہی ہے ۔ایسے میں مرکزی حکومت کو 15لاکھ روپئے تک بلا سودی قرضہ جات کی فراہمی عمل میں لانی چاہئے۔ رکن قانون ساز کونسل بی آرایس نے کہاکہ بڑے بڑے صنعت کار بینک سے قرض لے کر فرار ہوچکے ہیں اور مرکزی حکومت نے بڑی کمپنیوں کے 16.5لاکھ کروڑروپئے کے قرضہ جات معاف کئے ہیں لیکن خواتین کو قرض کی فراہمی کے معاملہ میں بی جے پی حکومت کی نیت صاف نہیں ہے جوکہ افسوسناک امر ہے۔کے کویتا نے کہاکہ اگر حکومت فی الواقعی خواتین کی ترقی کےلئے سنجیدہ ہے تو خواتین کی ترقی اور بھلائی کےلئے خصوصی اسکیمات کا اعلان کیاجاناچاہئے۔انہوںنے گیس سلنڈر کی قیمت میں 50روپئے کے اضافہ پر بھی مرکزی حکومت پر شدید تنقید کی اور کہاکہ جب عالمی سطح پر قیمتیں کم ہورہی ہیں تو یہاں اضافہ کیوں کیاجارہاہے۔کے کویتا نے کہاکہ اگر کوئی سوال کرے تو بی جے پی قائدین صرف وزیر اعظم نریندر مودی کی تعریفیں کرتے ہیں ۔کویتا نے طنزےہ انداز میں کہاکہ اگر قیمتیں ایسی ہی بڑھتی رہیں تو مودی جی کتنے بھی عظیم ہوں عام آدمی کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔اس موقع پر بی آرایس کے ریاستی لیڈر روپ سنگھ ‘جاگروتی کی لیڈر مادھوی اور دوسرے موجود تھے۔