نظام آباد ضلع میں ٹمریز کے طالب علم شیخ موسی کی مشتبہ موت کا واقعہ – بیرسٹر اویسی کی نمائندگی پر متاثرہ خاندان کو ملازمت اور معاوضہ کا تیقن

نظام آباد، 24 نومبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے بانسواڑہ منڈل کے چندور میں واقع ٹمریز (03) میں دسویں جماعت کے طالب علم شیخ موسی کی مشتبہ موت کے واقعہ پر صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ریاستی چیرمین ٹمریز فہیم قریشی سے فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے مرحوم طالب علم کے افرادِ خاندان کے ساتھ مکمل انصاف کرنے، خاندان کے کسی ایک فرد کو سرکاری ملازمت فراہم کرنے اور مناسب معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ، جس سے چیرمین ٹمریز نے اتفاق کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مجلس کے قائدین— ٹاؤن جنرل سکریٹری محمد شہباز، جوائنٹ سکریٹری و سینئر کارپوریٹر اعجاز حسین، سابق کارپوریٹر عبدالسلیم اور مجلس قائد خلیل احمد— سرکاری ہاسپٹل کے مردہ خانے پہنچے اور ٹمریز انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ بعد ازاں انہوں نے اس واقعہ سے بیرسٹر اسدالدین اویسی اور نظام آباد کے مجلس انچارج، ملک پیٹ کے سینئر رکن اسمبلی احمد بن عبداللہ بلعلہ کو واقف کروایا۔
بیرسٹر اویسی نے فوری طور پر چیرمین ٹمریز فہیم قریشی سے رابطہ کرتے ہوئے متاثرہ خاندان کے لیے سرکاری ملازمت، معاوضہ اور مکمل انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ بیرسٹر اویسی کی نمائندگی کے بعد چیرمین ٹمریز نے آر ایل سی محمد عبدالبصیر سے بات کرتے ہوئے مرحوم کے خاندان کے لیے دفتری کارروائی شروع کرنے اور واقعہ کی مکمل انکوائری گزارنے کی ہدایت دی۔
نظام آباد کے مجلس قائدین نے چیرمین ٹمریز کی توجہ ضلع کے مختلف ٹمریز میں آئے دن پیش آنے والے واقعات کی جانب مبذول کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ چند ماہ قبل آلور گاؤں کے ٹمریز میں ایک طالب علم شارٹ سرکٹ کے باعث جھلس کر زخمی ہوا تھا، جبکہ ناگارام ٹمریز میں ایک دیگر طالب علم کو پرنسپل کی مارپیٹ سے شدید زخمی ہونے کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے۔ قائدین نے ان مسلسل واقعات پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ضلع کے تمام ٹمریز کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
چیرمین ٹمریز فہیم قریشی نے متاثرہ خاندان کے ذمہ دار مولانا معین الدین سے بات کرتے ہوئے سرکاری ملازمت اور حکومت کی جانب سے معاوضہ دینے کا مکمل تیقن دیا۔ ادھر مجلس قائدین نے پولیس عہدیداروں کے تعاون سے مرحوم شیخ موسی کی پوسٹ مارٹم کارروائی ضلع سرکاری دواخانہ نظام آباد میں مکمل کروائی اور بعد ازاں نعش ورثاء کے حوالے کی گئی۔




