جنرل نیوز

کویتا کی طرح بی جے پی امیدوار دھرم پوری اروند کو شکست دی جائے گی : نظام آباد کانگریس امیدوار جیون ریڈی

کویتا کی طرح نظام آباد بی جے پی پارلیمانی امیدوار دھرم پوری اروند کو شکست دی جائے گی

نظام آباد کانگریس پارلیمانی امیدوار جیون ریڈی کی میٹ دی پریس پروگرام سے مخاطبت

نظام آباد:11/مئی (اردو لیکس) نظام آباد کانگریس پارلیمانی امیدوار تاتھی پرتھی جیون ریڈی نے کہاکہ نظام آباد کو اسمارٹ سٹی اور نظام آباد میں ویمنس ڈگری کالج و انجینئرنگ کالج کا قیام ان کی اولین ترجیح بنیادوں میں شامل رہیں گے۔ مسٹر ٹی جیون ریڈی آج نظام آباد پریس کلب میں منعقدہ میٹ دی پریس پروگرام سے مخاطب تھے کہاکہ نظام شوگر فیکٹری کا ڈسمبر 2025ء تک ہر حال میں آغاز کرتے ہوئے کریشنگ شروع کردی جائے گی۔

 

انہوں نے کہاکہ ریاستی وزیر سریدھر بابو کی صدارت میں تلنگانہ میں بند تین شوگر فیکٹریوں کے احیاء کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس سلسلہ میں حکومت کو رپورٹ کی پیشکشی کے بعد نیشکر کاشتکاروں کے مسائل، گنے کی کاشت کیلئے اراضیات کا حصول و تیاری، بنکوں کے قرضہ جات کی ادائیگی جیسے اہم امور کا جائزہ لیتے ہوئے شوگر فیکٹریوں کے آغا ز کیلئے تیاریاں کی جائے گی۔ مسٹر جیون ریڈی نے کہاکہ سال 2014ء میں تلنگانہ ریاستی حکومتی سطح پر اس وقت کے ایم پی مسز کے کویتاکے دور میں شوگر فیکٹری بند کردی گئی تھی اور 2015ء میں شوگر فیکٹری کا دوبارہ آغاز کرنے کا مسز کے کویتا نے اعلان و وعدہ بھی کیا تھا

 

لیکن مسز کے کویتا اور مسٹر دھرم پوری اروند بحیثیت ارکان پارلیمان نظام شوگر فیکٹری کے تمام تین یونٹس کے آغاز میں یکسر ناکام ثابت ہوئے۔ نظام آباد کانگریس پارلیمانی امیدوار جیون ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ علاقہ میں نظام آباد اہمیت کا حامل ضلع ہے جس میں آبادی و آمدنی اور دیگر ترقی کے تمام وسائل موجود ہونے کے بعد نظام آباد ضلع کو ترقی سے محروم رکھا گیا جبکہ کریم نگر ضلع میں کم مواقع ہونے کے باوجود زیادہ ترقی دی گئی۔ اور جگتیال کو ایجوکیشن ہب بنایا گیا۔ کانگریس امیدوار جیون ریڈی نے کہاکہ آرمور تا عادل آباد ریلوے لائن قائم کرتے ہوئے دہلی سے مربوط کیا جائے گا

 

اسی طرح بودھن تا بیدر ریلوے لائن کے قیام کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاستی حکومت گلف بورڈ قائم کرتے ہوئے عملی اقدامات کرے گی۔ کانگریس پارلیمانی امیدوارٹی جیون ریڈی نے کانگریس کے انتخابی منشور کو صرف اقلیتی طبقہ کیلئے مختص کرنے کے کئے گئے سوال پر کہاکہ یہ انتخابی منشور تمام طبقات کی فلاح وبہبودی پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس پارٹی کبھی بھی ممنوعہ تنظیموں و دہشت گردوں کی تائید و حمایت نہیں کرتی انہوں نے اندراگاندھی کے دور حکومت میں خالصتانی تنظیم اور دہشت گردوں کے صفایہ کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی ہی ملک کی حفاظت کرتی ہے۔

 

جیون ریڈی نے پچھلے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی امیدوار دھرم پوری اروند کی کامیابی کیلئے سرگرم رول ادا کرنے کے سوال پر کہاکہ بی آر ایس پارٹی امیدوار مسز کے کویتا نظام شوگر فیکٹری کو بند کرنے اور مخالف کسان پالیسی کو اختیارکرنے کے خلاف سیاست سے بالاتر ہوکر تمام نے بی آر ایس ایم پی امیدوار کویتا کو شکست دینے کیلئے دھرم پوری اروند کی تائید کی تھی یہ تائید پارٹی سطح پر نہیں تھی بلکہ مسز کے کویتا کے طر ز عمل کے خلاف عوام و کسانوں میں غم و غصہ کی لہر کا نتیجہ تھا۔

 

نظام آباد پارلیمانی امیدوار جیون ریڈی نے کہاکہ وہ جگتیال سے تعلق رکھنے والے ہیں اور جگتیال نظام آباد پارلیمانی حلقہ کا حصہ ہے ان کی سیاسی زندگی جگتیال سے ہی شروع ہوئی ہے میں نان لوکل نہیں لوکل ہی ہوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسز کے کویتا کی طرح بی جے پی پارلیمانی امیدوار دھرم پوری اروند کو شکست دینے کیلئے لائحہ عمل و منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ قبل ازیں نظام آباد پریس کلب صدر راما کرشنا، جنرل سکریٹری شیکھر نے کانگریس امیدوار جیون ریڈی کی شالپوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button