روسی فوج میں بھرتی کرکے یوکرین جنگ میں جھونک دینے والے نارائن پیٹ تلنگانہ کے سفیان 8 ماہ بعد وطن واپس _ حیدرآباد ایرپورٹ پر ارکان خاندان کے ساتھ جذباتی ملاقات

نارائن پیٹ :12 ستمبر (اردو لیکس) ایجنٹوں کے ذریعہ دھوکے سے روسی فوج میں بھرتی کرکے یوکرین کے ساتھ جاری جنگ زدہ علاقہ میں پہچانے والے 12 ہندوستانی نواجوانوں میں تلنگانہ کے نارائن پیٹ مستقر کا نوجوان محمد سفیان بھی شامل تھے جو 8 ماہ بعد جمعہ کی حیدرآباد کے شمش آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے جہاں سفیان کے گھر والوں نے ان کا استقبال کیا اور بغلگیر ہوکر رو پڑے۔
محمد سفیان کے والد جناب محمد ظہور جو پیشہ سے ایک خانگی ڈرائیور ہیں اور نارائن پیٹ کے محلہ حاجی خان پیٹ میں رہتے ہیں ان کا دوسرا لڑکا محمد سفیان چند سال پہلے دوبئی گیا تھا ، وہاں بابا نامی ایک ایجنٹ نے دھوکہ سے انھیں روس میں اچھی ملازمت اور اچھی تنخواہ ملنے کا لالچ دے کر روس بھیج دیا تھا
وہاں سفیان کو بتایا گیا کہ سیکیورٹی کی ملازمت ہے اور انھیں اس میں بھرتی کیا جارہا ہے ، بعد ازاں سفیان کو روسی فوج میں بھرتی کرتے ہوۓ روسی بارڈر پر یوکرین سے جاری جنگ زدہ علاقہ میں بھیجدیا گیا ، محمد سفیان کے افراد خاندان نے حکومت ہند سے اپیل کی تھی کہ انکے لڑکے کو اس مصیبت سے چھٹکارہ دلائیں اوراپنے گھر واپس لائیں
صدر مجلس و رکن پارلیمان حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی نے بھی سفیان سمیت 12 ہندوستانی نوجوانوں کی دھوکہ سے روسی فوج میں بھرتی کے مسلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا تھا اور حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ہندوستانی نوجوانوں کو وطن واپس لانے کے اقدامات کرے۔