تلنگانہ کے سوریہ پیٹ ضلع میں گرام پنچایت انتخابات کے درمیان کانگریس اور بی آر ایس کے کارکنوں میں تصادم – بی آر ایس کارکن ہلاک ؛ 15 کارکن زخمی
تلنگانہ کے سوریہ پیٹ ضلع میں گرام پنچایت انتخابات خون ریز تصادم میں بدل گئے۔ نوتنکل منڈل کے لنگم پلی گاؤں میں گزشتہ رات اچانک اُس وقت حالات کشیدہ ہوگئے جب کانگریس اور بی آر ایس کارکنوں کے درمیان معمولی تکرار خوفناک شکل اختیار کرگئی۔
مقامی لوگوں کے مطابق سرپنچ انتخاب میں ممکنہ شکست کے خدشے نے کانگریس کے تقریباً 70 کارکنوں کو ایک مشتعل ہجوم کی شکل دے دی، جو لاٹھیوں، پتھروں اور نوکدار اوزاروں سے لیس ہوکر بی آر ایس کارکنوں پر ٹوٹ پڑے۔
حملہ اتنا وحشیانہ اور یک طرفہ تھا کہ بی آر ایس کارکن ملّیا موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ اُس کا جسم لاٹھیوں کی ضربوں سے خون آلود ہوچکا تھا۔ جبکہ بی آر ایس منڈل صدر ملّیا یادَو سمیت 15 کارکن شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے مختلف ہاسپٹلس منتقل کیا گیا،
واقعہ کے بعد پورے گاؤں میں خوف کی فضا اور کشیدگی پھیل گئی۔ خواتین اور بچے گھروں میں محصور ہوگئے جبکہ مقامی لوگوں نے خوف سے اپنے دروازے بند کرلیے۔ پولیس نے صورتِ حال کو بگڑنے سے روکنے کے لیے اضافی فورس طلب کر کے گاؤں کو مکمل طور پر گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق حملہ منصوبہ بند بھی ہوسکتا ہے، تاہم اصل وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔



