تلنگانہ میں ٹیچر اہلیت ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان – محکمۂ تعلیم کی ویب سائٹ پر نتائج دستیاب

تلنگانہ میں ٹیچر اہلیتی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی-2026) کے نتائج جاری کر دئے گئے ہیں۔ اہل قرار پانے والے امیدواروں کی فہرست منگل کے روز محکمۂ اسکولی تعلیم کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی۔
امیدوار https://schooledu.telangana.gov.in/school education/ ویب سائٹ پر اپنے نتائج ملاحظہ کر سکتے ہیں۔ ریاست بھر سے ٹی ای ٹی کے لیے 2,37,754 امیدواروں نے درخواست دی تھی، جن میں سے 1,95,181 امیدوار (82.09 فیصد) امتحان میں شریک ہوئے، جبکہ تقریباً 42,573 امیدوار غیر حاضر رہے۔ ان امتحانات میں زیرِ خدمت اساتذہ کی حاضری سب سے زیادہ رہی جو 90.27 فیصد بتائی گئی ہے۔
یہ امتحانات 3 جنوری سے 20 جنوری تک منعقد ہوئے تھے۔ حکام نے پہلے ہی واضح کیا تھا کہ ٹی ای ٹی کے نتائج 10 سے 16 فروری کے درمیان جاری کیے جائیں گے۔ بلدی انتخابات کے باعث ایک دو دن تاخیر کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا، تاہم نتائج مقررہ وقت پر ہی جاری کر دئے گئے۔



