تلنگانہ میں 15 سال پرانی گاڑیوں کو ختم کرنے نئی اسکراپ پالیسی کا اعلان

حیدرآباد _ 9 اکتوبر ( اردولیکس) تلنگانہ حکومت نے پرانی گاڑیوں کے استعمال کو بتدریج ختم کرنے کی ہمت افزائی کے مقصد کے تحت وہیکل فلیٹ ماڈرائنائزیشن پالیسی (وی ایف ایم پی) پر عمل آوری کا اعلان کیا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ وی ایف ایم پی کو وضع کرنے کا مقصد ایک ایسے سسٹم کی تیاری ہے جہاں سڑکوں پر صرف فٹ اور محفوظ گاڑیاں ہی چلائی جائیں جس سے نہ صرف روڈ سیفٹی ہوگی بلکہ ماحولیات کا تحفظ بھی ہوگا۔
اس نئی پالیسی پر عمل آوری کے ذریعہ آلودگی میں بھی کمی کی جاسکتی ہے اور روڈ سیفٹی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ اس پالیسی کے تحت پرانی گاڑیوں کے استعمال کو ترک کرنے والے افراد کو حکومت مراعات دے گی جن میں موٹر وہیکل ٹیکس میں رعایت بھی شامل رہے گی۔ پرانی گاڑیوں کا استعمال ترک کرتے ہوئے نئی گاڑیاں خریدنے والوں کو فوری طور پرموٹر وہیکل ٹیکس میں رعایت کی سہولت رہے گی اور انہیں دوسرے ٹیکسیس میں بھی رعایت دی جائے گی
۔ اس پالیسی کے تحت15 سال قدیم گاڑیوں کے مالکان سہولت سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سہ ماہی ٹیکس پر جرمانے بھی معاف کرنے کی سہولت دستیاب رہے گی۔ پالیسی پر عمل آوری کے اندرون دو سال اپنی گاڑیوں کا استعمال ترک کرنے والے افراد اس سہولت سے استفادہ کے اہل ہوں گے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے کمشنر ایلم برتی نے بتایا کہ 15 سال قدیم گاڑیوں کے مالکین اگر دو سال کے اندر پرانی گاڑی کا استعمال ترک کرتے ہوئے نئی گاڑی خریدتے ہیں تو وہ لائف ٹیکس میں تخفیف کے مستحق رہیں گے۔
اس پالیسی کے تحت زائد از 15 سال قدیم سرکاری گاڑیوں کا استعمال بھی ترک کیا جائے گا اور موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ 52A کے تحت ان گاڑیوں کی تجدید کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت تلنگانہ نے پراجکٹ کے لئے بجٹ میں 296کروڑ روپے الاٹ کئے ہیں جس کے تحت ریاست بھر میں 37 آٹو میٹڈ ٹسٹنگ سنٹرس قائم کئے جائیں گے جن میں حیدرآباد کے 4 سنٹرس بھی شامل رہیں گے۔ ہر سنٹر پر 8 کروڑ روپے کا خرچ آئے گا۔