تلنگانہ

بیالٹ پیپر پر بلدی انتخابات کروانے تلنگانہ حکومت کا فیصلہ

حیدرآباد _ تلنگانہ حکومت کی جانب سے ایک اور اہم فیصلہ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاست میں بلدی انتخابات بیالٹ پیپر کے ذریعہ کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلۂ میں متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ بیالٹ پیپر کے لیے درکار بیالٹ باکس بطور پیشگی تیار رکھے جائیں۔

 

واضح رہے کہ سال 2014 میں بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کے ذریعے منعقد کیے گئے تھے، جب کہ 2020 میں کورونا وبا کے باعث بیالٹ پیپر کے ذریعہ انتخابات کرائے گئے تھے۔ اس مرتبہ اگرچہ ای وی ایم کے استعمال کا بھی امکان تھا، تاہم حکومت نے بیالٹ پیپر کے طریقۂ کار کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ای وی ایم مشینوں پر بعض سیاسی قائدین اور عوام کے ایک طبقے میں پائی جانے والی بے اعتمادی ایک بڑی وجہ ہے، جب کہ حکومت اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ بیالٹ پیپر کے ذریعے انتخابات کرانا نسبتاً آسان ہے اور اس میں شفافیت بھی زیادہ رہتی ہے۔ تاہم اس معاملے پر ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔

 

ادھر حتمی ووٹر لسٹ 10 جنوری کو جاری کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، جب کہ یکم جنوری کو مسودہ ووٹر لسٹ پہلے ہی شائع کی جا چکی ہے۔ بلدی انتخابات کا شیڈول جاری ماہ کی 11 یا 20 کو   جاری ہونے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں۔

 

فی الوقت ریاست بھر میں 117 بلدیات اور 6 کارپوریشنوں میں اسپیشل افسرس کے زیرِ انتظام حکومت جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button