تلنگانہ میں ایم پی ٹی سی ؛ زیڈ پی ٹی سی اور سرپنچ کے انتخابات کے لئے شیڈول جاری – 9 اکتوبر سے 5 مرحلوں میں پولنگ

تلنگانہ میں مجالس مقامی ادارہ جات کے انتخابات کی گہماگہمی شروع ہوگئی ہے۔ ریاستی الیکشن کمیشن نے ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور گرام پنچایت انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔
اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمشنر رانی کمودنی نے تفصیلات بتائیں۔انھوں نے کہا کہ پہلے ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کرائے جائیں گے، اس کے بعد گرام پنچایت انتخابات ہوں گے۔ یہ عمل مجموعی طور پر پانچ مرحلوں میں مکمل ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے لیے نامزدگیاں 9 اکتوبر سے قبول کی جائیں گی۔ پہلی مرحلے کی پولنگ 23 اکتوبر کو، دوسری مرحلے کی پولنگ 27 اکتوبر کو ہوگی
۔ گرام پنچایت انتخابات کی پہلی مرحلہ کی پولنگ 31 اکتوبر کو، دوسرا مرحلہ 4 نومبر کو اور تیسرا مرحلہ 8 نومبر کو کرایا جائے گا۔ایس ای سی نے بتایا کہ گرام پنچایت کے ووٹوں کی گنتی پولنگ کے دن ہی کی جائے گی، جبکہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے ووٹوں کی گنتی 11 نومبر کو ہوگی۔
ان انتخابات میں ریاست کے 31 اضلاع کے 565 منڈل شامل ہوں گے۔ مجموعی طور پر 5,749 ایم پی ٹی سی اور 565 زیڈ پی ٹی سی نشستوں کے لیے رائے دہی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی 12,733 گرام پنچایتوں اور 1,12,288 وارڈوں میں بھی انتخابات منعقد ہوں گے۔