تلنگانہ میں ہر سال 3 جنوری کو یوم خواتین اساتذہ
خواتین کو تعلیم یافتہ بنانے کے لیے انتھک محنت کرنے والی سماجی مصلح ساوتری بائی پھولے کی جینتی ہر سال تلنگانہ میں خواتین اساتذہ کے دن کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔
چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہدایت دی کہ 3 جنوری کو ساوتری بائی پھولے کی جینتی کے موقع پر خواتین اساتذہ کے دن کے طور پر منایا جائے۔
چیف منسٹر نے کہا کہ اس سلسلے میں باضابطہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ساوتری بائی پھولے کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ساوتری بائی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھارتی معاشرے میں تاریخی تبدیلیوں کی بنیاد رکھنے والی شخصیت تھیں۔
ساوتری بائی نے خواتین کی تعلیم کو اہمیت دی اور پسماندہ طبقات کے لیے انصاف کے حصول کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ساوتری بائی کا خواتین کی تعلیم، صنفی امتیاز کے خاتمے، اور ذات پات کی عدم مساوات کے خلاف جدوجہد ہر فرد کے لیے ایک تحریک ہے
۔ انہوں نے زور دیا کہ حکومت ساوتری بائی کے نظریات کو حقیقت میں بدلنے کے لیے کام کر رہی ہے۔