ہاسپٹل سے بے ہوشی کی حالت میں تلنگانہ کے ایک ورکر کی وطن واپسی

جدہ – 12 مئی ( عرفان محمد) تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ایک تارکِ وطن، جو کئی مہینوں سے شدید بیماری کے باعث وطن واپسی کا انتظار کر رہے تھے، آخرکار اپنی سرزمین کو روانہ ہو گئے۔
نظام آباد ضلع کے جاکرن پلی منڈل کے چنتلور گاؤں سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ ایم بالاکشن سعودی عرب کے شہر ریاض میں ایک گھر میں ڈرائیور کی حیثیت سے کام کر رہے تھے۔ چار ماہ قبل ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔ ان کے سعودی کفیل نے فوری طور پر انہیں ہاسپٹل منتقل کیا، جہاں بروقت علاج سے ان کی جان بچ گئی۔ ان کے دماغ کی نسوں سے متعلق مہنگے آپریشن بھی کئے گئے۔
ادھر ان کے گھر والوں نے بالاکشن کی وطن واپسی کے لیے تلنگانہ کے آرمور حلقہ کے رکنِ اسمبلی راکیش ریڈی سے رابطہ کیا۔ انہوں نے بھارتی سفارت خانے اور سعودی عرب میں سماجی کارکنوں کی مدد سے انہیں واپس لانے کی کوششیں شروع کیں۔
بالاکشن کے دوستوں نے بھی تلنگانہ این آر آئی فورم کے صدر عبدالجبار سے رابطہ کیا۔ انہوں نے سفارت خانے اور سعودی کفیل سے ہم آہنگی کے ساتھ کام کرتے ہوئے پیر کے دن بالاکشن کو وطن واپس بھیجنے کا انتظام کیا۔
عبدالجبار نے بالاکشن کی واپسی میں تعاون کرنے پر بھارتی سفارت خانے اور سعودی کفیل کا شکریہ ادا کیا۔