حیدرآباد میں ایک مندر کی بے حرمتی، عوام میں غم و غصہ؛ بی جے پی صدر این. رام چندر راؤ کا ملزم کے انکاؤنٹر کا مطالبہ
حیدرآباد کے نیرڈمیٹ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع سفیل گوڑا کٹّا مائی سمّاں مندر میں بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا، جہاں نامعلوم شخص نے مندر میں مورتی کے سامنے مبینہ طور پر پیشاب کردیا
مقامی عوام نے نوجوان کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کے بعد اس کو پکڑ لیا اور پٹائی کردی۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہوگئی اور عوام میں سخت غم و غصہ دیکھا گیا۔ صورتحال کے پیشِ نظر پولیس نے مندر اور اطراف میں بھاری بندوبست کیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لے لیا ۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت الطاف کے طور پر ہوئی ہے، جو کرناٹک کے بیدر ضلع کا رہنے والا ہے اور نیرڈمیٹ علاقے میں سبزیاں فروخت کرکے روزی کماتا تھا۔ اس کے خلاف تعزیراتِ ہند کی دفعات 333، 196(2)، 298 اور 299 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں، جبکہ عدالت نے اسے 14 دن کی عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا ہے۔
اس واقعہ پر تلنگانہ بی جے پی کے صدر این. رام چندر راؤ مندر پہنچ کر مقامی عوام سے بات چیت کی ۔بعد ازاں سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ملزم کو انکاؤنٹر کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندو مندروں پر حملوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف انتہائی سخت کارروائی ہونی چاہیے۔



