تلنگانہ

شعبۂ اردو، تلنگانہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ورکشاپ کے بروشر کا اجراء  کنوینر ڈاکٹر محمد عبدالقوی کی ریسرچ اسکالرز و طلبہ سے شرکت کی اپیل

شعبۂ اردو، تلنگانہ یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام ورکشاپ کے بروشر کا اجراء

کنوینر ڈاکٹر محمد عبدالقوی کی ریسرچ اسکالرز و طلبہ سے شرکت کی اپیل

 

نظام آباد، 6 اپریل (اردو لیکس)تلنگانہ یونیورسٹی کے شعبۂ اردو کے زیرِ اہتمام ایک روزہ خصوصی ورکشاپ بعنوان "اردو میں تحقیق کا فن اور عہدِ حاضر کے تقاضے” بروز چہارشنبہ، 8 اپریل کو یونیورسٹی کالج آف آرٹس اینڈ سائنسز کے سیمینار ہال میں منعقد کیا جائے گا۔۔ اس سلسلے میں آج وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ، رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری، صدر شعبۂ اردو و کنوینر ورکشاپ ڈاکٹر محمد عبدالقوی اور معاون کنوینر ڈاکٹر گل رعنا نے پروگرام کا باضابطہ بروشر جاری کیا۔ ورکشاپ کا بنیادی مقصد طلبہ و محققین کو جدید تحقیقی رجحانات، مؤثر طریقۂ تحقیق اور اردو تحقیق میں ڈیجیٹل وسائل کے مؤثر استعمال سے روشناس کرانا ہے موجودہ دور میں تحقیق کے دائرۂ کار کی وسعت اور اس کی کثیر جہتی نوعیت کے پیشِ نظر، اس پروگرام کے ذریعے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ایک باصلاحیت محقق کے طور پر تیار کرنے کی سنجیدہ کوشش کی جا رہی ہے۔ اس ورکشاپ میں وائس چانسلر پروفیسر ٹی یادگیری راؤ بحیثیت مہمانِ خصوصی جبکہ رجسٹرار پروفیسر ایم یادگیری بطورِ مہمانِ اعزازی شرکت کریں گے۔ علاوہ ازیں پروفیسر جی رام بابو پرنسپل، کالج آف آرٹس اور پروفیسر محمد موسیٰ قریشی ڈین، فیکلٹی آف آرٹس بھی بحیثیت مہمانانِ اعزازی شریک رہیں گے۔

ڈاکٹر محمد عبدالقوی صدر شعبہ اس ورکشاپ کے کنوینر و ڈائریکٹر ہوں گے، جبکہ ڈاکٹر گل رعنا، چیئرپرسن بورڈ آف اسٹڈیز، معاون کنوینر کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ ورکشاپ کے کلیدی مقررین میں معروف محقق و نقاد ڈاکٹر معید جاوید سابق صدر شعبۂ اردو، عثمانیہ یونیورسٹی اور ممتاز ماہرِ تعلیم و ادیب ڈاکٹر محمد ناظم علی سابق پرنسپل، گورنمنٹ ڈگری کالج مورتاڈ و سابق سینیٹ ممبر، تلنگانہ یونیورسٹی شامل ہیں، جو مختلف علمی و تحقیقی موضوعات پر اپنے خیالات پیش کریں گے۔

ورکشاپ کے دوران تحقیق کے بنیادی اصول، موضوع کے انتخاب کی باریکیاں، جدید تحقیقی طریقۂ کار، ڈیجیٹل وسائل کا مؤثر استعمال اور تحقیق میں اخلاقی اقدار جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی سیشنز منعقد کیے جائیں گے۔ کنوینر ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ طلبہ میں تحقیقی شعور کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ان کی علمی و فکری صلاحیتوں کو جِلا بخشنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ریسرچ اسکالرز اور طلبہ و طالبات سے اپیل کی کہ وہ اس علمی پروگرام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اس سے بھرپور استفادہ کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ورکشاپ اردو تحقیق کے میدان میں ایک سنجیدہ اور معیاری تعلیمی پیش رفت ثابت ہوگا، جو آئندہ تحقیقی سرگرمیوں کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button