کریم نگر میئر کیلئے درکار ’میجک فیگر‘ حاصل۔ بنڈی سنجے کا دعویٰ

حیدرآباد: مرکزی وزیر بندی سنجے کمار نے دعویٰ کیا ہے کہ کریم نگر میئر کی کرسی حاصل کرنے کے لیے درکار ’’میجک فیگر‘‘ بھارتیہ جنتا پارٹی نے عبور کر لیا ہے۔ریاستی بی جے پی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے
انہوں نے الزام لگایا کہ برسراقتدار انڈین نیشنل کانگریس نے بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (ایم آئی ایم) کے ساتھ غیر اخلاقی اتحاد کر کے بلدیاتی انتخابات میں بی جے پی کو شکست دینے کی کوشش کی
لیکن عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو ہی آشیرواد دیا۔بنڈ ی سنجے نے کہا کہ سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی بی جے پی منظم حکمت عملی کے تحت کریم نگر میئر کی کرسی حاصل کرے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کانگریس اور بی آر ایس عوامی فیصلے کے خلاف
کام کریں گی تو ان کے درمیان خفیہ معاہدوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہر انتخاب میں مجلس اتحاد المسلمین کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان رابطہ کار کا کردار ادا کرتی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ کریم نگر میں کارکنوں کی
محنت اور وزیر اعظم نریندر مودی کے آشیرواد سے کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آزاد امیدوار بھارتیہ جنتا پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں اور میئر کے انتخاب کے لیے مطلوبہ اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ
میونسپل چیئرمین کے انتخاب میں کانگریس، بی آر ایس اور ایم آئی ایم کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں ہوگا۔ بنڈی سنجے نے کہا کہ کریم نگر کو اسمارٹ سٹی بنانے کے لیے اب تک 1400 کروڑ روپے کے ترقیاتی
کام مکمل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بی جے پی امیدواروں کو کامیاب بنانے پر کری منگر کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔



