تلنگانہ
لوک عدالت میں ٹریفک چالان پر چھوٹ کی خبر کا سچ

حیدرآباد ۔ سوشل میڈیا پر ویوز اور لائکس کی لالچ میں کچھ لوگ من مرضی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔ 14 مارچ کو لوک عدالت کے موقع پر ٹریفک چالانوں پر رعایت دی جا رہی ہے اس طرح کی افواہیں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں۔
کمشنر پولیس حیدرآباد وی سی سجنار نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ حیرت کی بات یہ ہے کہ ان فرضی معلومات پر مبنی ویڈیوز کو لاکھوں ویوز مل رہے ہیں۔یہ مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ پولیس محکمہ نے سرکاری طور پر کسی بھی قسم کی رعایت کا اعلان نہیں کیا ہے۔
کمشنر پولیس نے کہا ہے کہ براہِ کرم ایسے نقلی ویڈیوز پر یقین نہ کریں اور نہ ہی انہیں دوسروں کے ساتھ شیئر کریں۔ سوشل میڈیا پر مشہور ہونے کے لیے اس طرح کی جھوٹی خبریں بنا کر عوام کو گمراہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



