تلنگانہ کے کوڑنگل میں سڑک کی توسیع کے نام پر راتوں رات 3 قبرستان اور عاشورخانہ شہید ؛ مجلس کا شدید احتجاج

کوڑنگل سڑک کی توسیع کے نام پر 3 قبرستان اور عاشورخانہ شہید، مجلسی رکن اسمبلی نے دورہ اور احتجاج کیا
حیدرآباد، 21 ستمبر (اردو لیکس) تلنگانہ کے کوڑنگل میں سڑک کی توسیع کے نام پر تین قدیم قبرستان، ایک عاشورخانہ اور چھلہ حضرت محبوب سبحانیؒ کو راتوں رات مسمار کر دیا گیا۔اس حلقہ سے چیف منسٹر رہونت ریڈی نمائندگی کرتے ہیں مقامی مجلس کے صدر سلطان محی الدین گلشن کو کارروائی روکنے کے دوران کوڑنگل پولیس نے گرفتار کر لیا اور ان کے ساتھ نازیبا سلوک کیا۔
متحدہ ضلع وقار آباد کے صدر عبدالہادی شہری اور ان کی ٹیم بھی راستے میں حراست میں لے لیے گئے۔ بعد ازاں چھوڑ دیا گیا۔ اطلاع ملنے کے بعد صدر مجلس بیرسٹر اسد الدین اویسی کی ہدایت پر رکن اسمبلی محمد مبین بہادرپورہ موقع پر پہنچے اور قبرستانوں، عاشورخانہ اور چھلہ کے شہید شدہ مقامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور فوری طور پر چھلہ محبوب سبحانی کے پاس بریگیڈ لگوائی۔
مجلسی رکن اسمبلی نے ڈی ایس پی سے واقعہ کی تفصیلات حاصل کیں اور بلدیہ کوڑنگل کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے تحریری شکایات درج کروانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ قبرستان صدیوں پرانے ہیں اور سڑکوں کی توسیع کے دوران کسی بھی مذہب کی عبادت گاہ یا قبرستان کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول ہے۔