تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں تین مسلم امیدوار سرپنچ کے عہدہ کے لئے منتخب
جگتیال ضلع کی پنچایتوں میں مسلم قیادت اُبھر کر سامنے— دولور، حسین نگر اور چنّنا میٹ پلی میں سرپنچوں کا انتخاب
تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں 122 گرام پنچایتوں میں منعقدہ انتخابات میں تین مسلم امیدواروں نے کامیابیاں حاصل کیں۔ ضلع کی تین پنچایتوں — کتھلاپور منڈل کے دولور، کورٹلہ منڈل کے حسین نگر اور چنّنا میٹ پلی — میں سرپنچ کے عہدے پر مسلم امیدوار منتخب ہوئے، جسے مقامی سیاست میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
دولور گرام پنچایت میں کانگریس کی تائیدی امیدوار رضیہ بیگم نے شاندار اور غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سب کا دھیان اپنی جانب مبذول کرلیا۔ انہوں نے بی آر ایس امیدوار کو 460 ووٹوں کے بھاری فرق سے شکست دی، جو اس علاقے میں ریکارڈ اکثریت شمار کی جارہی ہے۔ ان کی فتح کے بعد گاؤں میں جشن کا ماحول چھا گیا، خواتین اور نوجوانوں نے ڈھول تاشوں کے ساتھ خوشی کا اظہار کیا۔
اسی طرح کورٹلہ منڈل کے حسین نگر سے سیدہ بی اور چنّنا میٹ پلی سے محمد رحیم بھی سرپنچ منتخب ہوئے، جس سے ضلع میں مسلم نمائندگی کو مضبوط ہونے کا موقع ملا ہے۔ مقامی عوام نے ان نتائج کو گرام پنچایت سطح پر نئی سیاسی تبدیلی کا آغاز قرار دیا ہے۔




