حیدرآباد ٹریفک پولیس میں زنخوں کو تقرر کا موقع

حیدرآباد ۔ چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی کے احکامات پر زنخوں کو سماج میں شناخت اور احترام فراہم کرنےکے لیے ایک اہم اقدام کے تحت حیدرآباد ٹریفک پولیس ڈپارٹمنٹ میں بطور "ٹریفک اسسٹنٹس” ان کے تقرر کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔
اس تعلق سے اہم اجلاس شریمتی انیتا رامچندرن آئی اے ایس (محکمہ خواتین و اطفال)، شری روی گپتا آئی پی ایس (پرنسپل سیکریٹری ہوم ڈپارٹمنٹ) اور شری سی وی آنند آئی پی ایس (کمشنر آف پولیس حیدرآباد) نے منعقد کیا گیا۔ گوشہ محل پولیس گراؤنڈ پر سماجی بہبود کے محکمہ کی جانب سے فراہم کردہ امیدواروں کی فہرست کے مطابق بھرتی کے عمل کا انعقاد کیا گیا۔ اس جسمانی ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے ڈی سی پی ساؤتھ ویسٹ، ہوم گارڈ کمانڈنٹ، اور ایڈیشنل ڈی سی پی سی اے آر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جبکہ ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے عہدیداربھی موجود تھے۔
ان امیدواروں کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونی چاہیے۔ امیدواروں کا ہندوستانی شہری ہونا ضروری ہے اور کم از کم ایس ایس سی پاس ہونا لازمی ہے۔ متعلقہ ضلع مجسٹریٹ سے جاری کردہ ذاتی شناختی کارڈ ہونا چاہیے۔ ساتھ ہی یہ بھی ضروری ہے کہ امیدوار حیدرآباد کمشنریٹ کی حدود کا مقامی شہری ہو۔ کم از کم قد 165 سینٹی میٹر (ایس ٹی کے لیے 160 سینٹی میٹر) ہونا ضروری ہے۔امیدواروں کے لیے 800 میٹر دوڑ، لانگ جمپ، اور شاٹ پٹ جیسے جسمانی ٹیسٹ منعقد کیے گئے۔ بھرتی کے عمل میں 58 افراد نے شرکت کی جن میں سے 44 منتخب ہوئے۔
اسموقع پر پولیس کمشنر سی وی آنند، آئی پی ایس (کمشنر آف پولیس حیدرآباد) نے منتخب زنخہ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اپنے کمیونٹی کے لیے رول ماڈل بننا ہوگا اور حیدرآباد پولیس اور تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ڈپارٹمنٹ کا نام روشن کرنا ہوگا۔ شری پی وشوا پرساد، آئی پی ایس (ایڈیشنل سی پی ٹریفک) اور دیگر افسران نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
تلنگانہ حکومت کا یہ اقدام نہ صرف اس کمیونٹی کو بااختیار بنانے کی سمت میں ایک بڑی پہل ہے بلکہ سماج میں مساوات کو فروغ دینے کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔