ٹی ایس میسا سنٹرل اسوسی ایشن کا کیلنڈر 2026 شاندار تقریب میں جاری


تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی ایمپلائز سروس اسوسی ایشن (ٹی ایس میسا) سنٹرل اسوسی ایشن کی جانب سے سال 2026 کے کیلنڈر کی شاندار اور باوقار رسمِ اجراء انجام پائی۔ یہ کیلنڈر ریاستِ تلنگانہ میں اقلیتی ملازمین کی نمائندہ تنظیم کی طرف سے اپنی نوعیت کا پہلا منفرد اور تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔
کیلنڈر کی باضابطہ رسمِ اجراء جناب بی شفیع اللہ (آئی ایف ایس)، سکریٹری اقلیتی بہبود، حکومتِ تلنگانہ اور جناب اسداللہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ کے معزز ہاتھوں انجام پائی۔
اس پروقار تقریب کی صدارت جناب ایم اے فاروق احمد (بانی و ریاستی صدر، ٹی ایس میسا) نے کی، جبکہ جناب سید نعیم الدین (ریاستی جنرل سیکریٹری) نے نہایت خوش اسلوبی سے تقریب کی نگرانی کی۔
تقریب میں جناب سمیع (ریاستی نائب صدر)، جناب محمد اعجازالدین احمد (ریاستی ایڈیشنل جنرل سیکریٹری)، جناب عرفان شریف (صدر، ٹی ایس میسا حج کمیٹی یونٹ)، جناب غلام محی الدین عابد (جنرل سیکریٹری، ٹی ایس میسا حج کمیٹی یونٹ) اور جناب نعیم (ممبر سیکریٹریٹ) نے شرکت کی۔
معزز مہمانانِ خصوصی نے اقلیتی ملازمین، اساتذہ اور سماجی بہبود کے مختلف شعبہ جات میں ٹی ایس میسا کی مسلسل، مؤثر اور بروقت خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ ٹی ایس میسا نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، فلاحی سرگرمیوں کے فروغ اور سماجی ہم آہنگی کے قیام میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔
آخر میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تلنگانہ اسٹیٹ مائناریٹی ایمپلائز سروس اسوسی ایشن آئندہ بھی اقلیتوں کی فلاح و بہبود، اتحاد اور ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی خدمات پوری تندہی کے ساتھ جاری رکھے گی۔



