ایمبولینس میں جڑواں لڑکیوں کی پیدائش – حیدراباد کے پرانے شہر میں واقعہ

حیدرآباد کے چندرائن گٹہ میں اتوار کے روز ایک خاتون نے ایمبولینس میں جڑواں لڑکیوں کو جنم دیا۔ تفصیلات کے مطابق، رہینہ بیگم کو زچگی کی تکالیف شروع ہونے پر ان کے گھر والوں نے فوری طور پر 108 ایمبولینس سروس سے رابطہ کیا۔ ایمبولینس پہنچنے کے بعد جب انھیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا، اُس دوران ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور درد زہ شدید ہو گیا۔
ایسے میں 108 ایمبولینس کے ای ایم ٹی (ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن) گنیش نے حاضر دماغی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایمبولینس میں ہی زچگی کرائی۔ رہینہ بیگم نے جڑواں لڑکیوں کو جنم دیا، جو مکمل طور پر صحت مند ہیں۔ ہاسپٹل پہنچنے پر ڈاکٹروں نے ماں اور دونوں بچیوں کو طبی معائنے کے بعد مکمل طور پر محفوظ قرار دیا۔
رہینہ بیگم اور ان کے گھر والوں نے 108 سروس، خاص طور پر گنیش اور نرسمہا کی فوری مدد اور بہترین خدمات پر ان کا دل سے شکریہ ادا کیا۔ مقامی افراد نے بھی 108 عملے کی ستائش کی، جنہوں نے مشکل وقت میں اپنی ذمہ داری کو بخوبی نبھایا اور ایک ماں اور دو بچیوں کی زندگی بچائی۔