تلنگانہ

تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع میں نامعلوم افراد نے کھیتوں میں چھوڑ دیں 2 ہزار دیسی مرغیاں – گاوں والوں نے لوٹ لیں مرغیاں

تلنگانہ کے ضلع ہنمکنڈہ میں ایک حیرت انگیز واقعہ نے لوگوں کو چونکا دیا  الکاتورتی گاؤں میں نامعلوم افراد نے راتوں رات تقریباً 2 ہزار دیسی مرغیاں سڑک کنارے کھیتوں میں چھوڑ دیں ۔صبح جب مقامی لوگ سڑک پر نکلے تو ہر طرف مرغیوں کا شور سنائی دیا۔

 

دیکھتے ہی دیکھتے یہ خبر پورے گاؤں میں پھیل گئی، اور لوگ جوق در جوق وہاں پہنچنے لگے۔ جس کے ہاتھ جو مرغی لگی، وہ اُسے پکڑ کر خوشی خوشی گھر لے گیا۔ کچھ نے کہا یہ قسمت کی دی ہوئی مرغی ہے تو کچھ نے شک ظاہر کیا کہ اس کے پیچھے کوئی راز چھپا ہے۔

 

ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا کہ اتنی بڑی تعداد میں مرغیاں آخر کس نے اور کیوں چھوڑ دیں۔ پنچایت سکریٹری سرینواس نے احتیاط برتتے ہوئے چند مرغیاں ویٹرنری  ڈاکٹر دیپیکا کے حوالے کیں۔ انہوں نے فوری معائنہ کے بعد نمونے ورنگل لیب کو روانہ کئے۔

 

ڈاکٹر دیپیکا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رپورٹ آنے تک ان مرغیوں کو کھانے سے پرہیز کریں، کیونکہ ممکن ہے کہ ان کے ساتھ کوئی بیماری یا خطرہ منسلک ہو۔

 

گاؤں میں فی الحال تجسس اور چہ مگوئیوں کا ماحول ہے  کوئی کہہ رہا ہے یہ کسی ٹرک حادثے کا نتیجہ ہے، تو کوئی اسے کسی بڑی سازش کا اشارہ بتا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button