گاندھی بھون میں ہنگامہ: بی آر ایس ایم ایل اے ڈاکٹر سنجے کی شرکت پر جیون ریڈی برہم، اجلاس چھوڑ کر روانہ
تلنگانہ کانگریس کے دفتر گاندھی بھون میں نظام آباد پارلیمانی حلقہ کے جائزہ اجلاس کے دوران اُس وقت سیاسی ماحول گرم ہوگیا جب کانگریس کے سینئر قائد جیون ریڈی کا غصہ اچانک بھڑک اٹھا۔ گاندھی بھون میں جاری اجلاس میں جگتیال کے ایم ایل اے ڈاکٹر سنجے کی موجودگی دیکھ کر جیون ریڈی برہم ہو گئے اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس کے بیچ ہی واک آؤٹ کر گئے۔
اجلاس سے باہر آتے ہی جیون ریڈی نے میڈیا کے سامنے کھل کر اپنی ناراضگی ظاہر کی اور سوال کیا کہ ںی آر ایس کے ایم ایل اے کو کانگریس کے اندرونی اجلاس میں شرکت کی اجازت کیسے دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ ڈاکٹر سنجے اب بھی بی آر ایس میں ہونے کا حلف نامہ دے چکے ہیں، پھر ایسے شخص کی موجودگی میں پارٹی کے اندرونی معاملات پر بحث کیسے ممکن ہے؟
جیون ریڈی نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ گزشتہ دس برسوں سے وہ بی آر ایس کی بدعنوانیوں اور زیادتیوں کے خلاف جدوجہد کرتے آ رہے ہیں، ایسے میں اسی پارٹی کے ایک ایم ایل اے کو اپنے پہلو میں بٹھانا انہیں ہرگز قبول نہیں۔ ان کے اس سخت موقف نے اجلاس کے ماحول کو مزید سنجیدہ بنا دیا۔
دوسری جانب جیون ریڈی کی ناراضگی پر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مہیش کمار گوڑ نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جیون ریڈی کے جذبات کو سمجھا گیا ہے، تاہم پارلیمانی حلقے سے تعلق رکھنے والے تمام سیاسی قائدین کو اجلاس میں مدعو کیا گیا تھا، اسی بنیاد پر سنجے کو بھی بلایا گیا۔
اس واقعہ کے بعد کانگریس کے اندر سیاسی آداب اور پارٹی حدود پر نئی بحث چھڑ گئی ہے، اور جیون ریڈی کا واک آؤٹ پارٹی حلقوں میں خاصی توجہ حاصل کر رہا ہے۔



