ووٹ کا سودا الٹا پڑ گیا، امیدوار نے رقم واپس وصول کرلی
تلنگانہ میں گرام پنچایت انتخابات میں شکست کے بعد ایک سرپنچ امیدوار نے ایسا قدم اٹھایا کہ گاؤں بھر میں چرچا ہونے لگا۔ ووٹروں میں بانٹی گئی رقم واپس لینے کے لئے امیدوار بھگوان کی تصویر ہاتھ میں لے کر گھر گھر پہنچ گیا اور لوگوں سے حساب مانگنے لگا۔
یہ انوکھا واقعہ تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ کے نارکٹ پلی منڈل کے گاؤں اوروانی میں پیش آیا۔ جہاں بی آر ایس کے تائیدی سرپنچ امیدوار کے طور پر مقابلہ کرنے والے بالاراجو نے انتخابی مہم کے دوران ووٹروں میں رقم تقسیم کی تھی، مگر نتائج میں کانگریس امیدوار پرمیش نے انہیں 450 ووٹوں کے بھاری فرق سے شکست دے دی۔
نتائج کے دوسرے ہی دن بالاراجو ہاتھ میں بھگوان کی تصویر تھام کر گھر گھر پہنچ کر کہا کہ ’’اگر تم نے مجھے ووٹ دیا ہے تو بھگوان کی قسم کھا کر بتاؤ، ورنہ جو رقم لی تھی وہ واپس کرو۔‘‘ اس دوران انہوں نے کئی لوگوں سے رقم واپس بھی وصول کرلی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ بالاراجو کی اہلیہ نے بھی اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر معمولی فرق سے شکست ہوتی تو وہ رقم واپس نہ مانگتے، مگر 450 ووٹوں کی بڑی ہار کے بعد رقم واپس مانگنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس انوکھے واقعہ نے پورے علاقے میں موضوعِ بحث بنا دیا ہے۔



