تلنگانہ

تلنگانہ میں ووٹروں کی جامع نظرِثانی کی تیاریاں مکمل، ایس آئی آر نوٹیفکیشن اپریل یا مئی میں جاری ہونے کا امکان : ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی

حیدرآباد: تلنگانہ میں رائے دہندگان کی خصوصی جامع نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کے لیے اپریل اور مئی کے مہینہ میں نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں ایس آئی آر کے سلسلے میں پیشگی تیاریاں جاری ہیں۔ تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر سی ای او سدرشن ریڈی نے سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔

 

انہوں نے سیاسی جماعتوں کو ہدایت دی کہ وہ پولنگ بوتھ سطح پر اپنے ایجنٹ مقرر کریں اور ایس آئی آر کے عمل میں پارٹیوں کے بی ایل اے اور بوتھ سطح کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ رائے دہندگان کی فہرست میں درستگی، شفافیت اور مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لیے مقامی افراد کو ہی بی ایل اے مقرر کرنے کا مشورہ دیا گیا۔

 

سی ای او نے بتایا کہ فی الحال 2025 کی ووٹر فہرست میں شامل رائے دہندگان کو 2002 کی ایس آئی آر میں درج ووٹروں سے مربوط کرنے کے لئے ٹیبل ٹاپ میپنگ کے ساتھ ساتھ زمینی سطح پر میپنگ کا عمل جاری ہے۔ شہری علاقوں میں رہائش گاہوں کی شناخت اور تصدیق کے لئے بی ایل اے گھر گھر سروے بھی کر رہے ہیں۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ ایس آئی آر کے دوران ہر پولنگ علاقے کا بی ایل اے تین سے چار مرتبہ دورہ کرے گا۔ پہلی بار اینیومریشن فارم تقسیم کیے جائیں گے جبکہ غیر دستیاب خاندانوں کی تصدیق کے لیے دوبارہ دورہ کیا جائے گا۔ سی ای او نے واضح کیا کہ جو ووٹر ابتدائی مرحلے کی میپنگ میں شامل نہیں ہو سکے، انہیں بھی ایس آئی آر کے دوران اپنی تفصیلات جمع کرانے کا موقع دیا جائے گا۔

 

انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں بوتھ سطح پر فعال شراکت داری کریں تو شکایات میں کمی آئے گی اور اہل رائے دہندگان کا نام فہرست سے خارج ہونے سے بچایا جا سکے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button