تلنگانہ اور آندھرا میں بارش۔سری سیلم پراجیکٹ کی سطح آب میں اضافہ

File photo
سری سیلم پراجیکٹ کی سطح آب میں اضافہ تلنگانہ اور آندھرا میں بارش کا سلسلہ جاری
حیدرآباد ۔تلنگانہ اور آندھرا پردیش میں کم دباؤ کے باعث گزشتہ تین دنوں سے مسلسل بارش ہورہی ہے جس کے نتیجے میں سری سیلم پراجیکٹ کی آبی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ حکام کے مطابق پراجیکٹ میں 21,666 کیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اگرچہ ڈیم کی مکمل سطح آب 885 فیٹ ہے، اس وقت سطح آب 816.70 فیٹ تک پہنچ چکی ہے۔
ادھر آندھرا پردیش کے اضلاع کرنول اور اننت پور میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کرناٹک میں گزشتہ پانچ دنوں سے جاری شدید بارشوں کی وجہ سے دریائے تنگبھدرا کا پانی سری سیلم میں داخل ہورہا ہے۔ حکام نے گزشتہ روز ڈیم کے چار دروازے کھول کر اضافی پانی نچلے علاقوں میں چھوڑا۔
یاد رہے کہ دریائے کرشنا پر قائم سری سیلم ڈیم تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں ریاستوں کے لیے نہ صرف برقی کی پیداوار بلکہ آبپاشی اور پینے کے پانی کی فراہمی کا بھی اہم ذریعہ ہے.