کاغذ نگر بیلٹ شاپس پر خواتین کا زبردست احتجاج ۔ شراب کی غیر مجاز دکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ

کاغذ نگر بیلٹ شاپس پر خواتین کا زبردست احتجاج ۔ شراب کی غیر مجاز دکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ
عادل آباد.30/جون(اردو لیکس) تلنگانہ کے کمرم بھیم آصف آباد ضلع کے کاغذ نگر منڈل کے چنتاگوڑہ-کویاگوڑہ گاؤں میں اتوار کی صبح مقامی خواتین نے غیرقانونی بیلٹ شاپس (شراب کی غیر مجاز دکانیں) کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
خواتین نے کہا کہ گاؤں میں ہر جگہ بیلٹ شاپس کھلنے کی وجہ سے ان کے شوہر اور نوجوان بچے شراب کے عادی بن گئے ہیں۔ شراب نوشی کے بعد رات کو گھروں کو لوٹنے والے مرد خواتین کے ساتھ مارپیٹ کرتے ہیں، جس کی وجہ سے گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
دو روز قبل کویاگوڑہ گاؤں کی خواتین نے ایک ریلی نکال کر محکمہ ایکسائز کو شکایت دی تھی، لیکن تاحال کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی، جس پر گاؤں والوں نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے۔
اتوار کو خواتین نے بڑے پیمانے پر غیر مجاز شراب کی دکانوں کو بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاج کیا۔ احتجاج کرنے والی خواتین نے مطالبہ کیا کہ گاؤں میں تمام بیلٹ شاپس کو فوری بند کیا جائے اور ان کے چلانے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔ انہوں نے وارننگ دی کہ اگر فوری اقدامات نہیں کیے گئے تو تمام خواتین اجتماعی طور پر زہریلی دوا پی کر خودکشی کریں گی۔
اس احتجاج میں خواتین نے شراب کی خالی شیشوں کو زمین پر ڈالکر بیلٹ شاپس کو بند کرنے کی مانگ کی ہے بصورت دیگر وہ خود فیصلہ لیتے ہوئے بیلٹ شاپس کو تالا لگانے کا انتباہ دیا۔ اس انوکھے احتجاج نے علاقہ میں سب کی توجہ حاصل کی ہے۔